میلبورن کی وکٹ کو آئی سی سی نے ناقص قراردیا

دبئی۔3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشز سیریز کے چوتھے ٹسٹ کے لئے بنائی گئی ملبورن کی وکٹ کو ناقص اور غیر معیاری قرار دے دیا۔ آئی سی سی کا یہ فیصلہ آسٹریلیائی کرکٹ بورڈ کے لئے سخت شرمندگی کا سبب بنا ہے اور اسے 2ہفتوں میں عالمی ادارے کو اس بارے میں جواب دینا ہے۔ یاد رہے کہ چوتھا ٹسٹ میلبورن کرکٹ گراونڈ میں کھیلا گیا تھا۔اس پچ کے بارے میں جاری کردہ رپورٹ میں آئی سی سی نے کہا کہ یہ وکٹ ٹسٹ میچ کے لئے بالکل غیر موزوں تھی۔آئی سی سی پچ اینڈ آوٹ فیلڈ مانیٹرنگ پراسس کے تحت میلبورن کی وکٹ کا جائزہ لینے والے میچ ریفری رنجن مدھوگلے نے کہا کہ وکٹ بیٹسمینوں اور بولروں کے درمیان برابر کے مقابلے کے لئے موزوں نہیں تھی اور اسے ا سپورٹنگ وکٹ نہیں کہا جا سکتا۔یاد رہے کہ سیریز کا چوتھا ٹسٹ ڈرا ہوا ہے جس کے بعد وکٹ کے حوالے سے شدید تنقید کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا۔ کھیل کے پانچوں اور آخری دن انگلینڈ کے بولرز سر توڑ کوشش کے باوجود 80اوورز میں صرف2 وکٹیں لینے میں کامیاب ہو سکے ۔وکٹ میں5دن کے کھیل کے باوجود کسی قسم کی تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی اور نہ ہی اس میں قدرتی طور پر کسی قسم کی ٹوٹ پھوٹ نظر آئی۔آئی سی سی کے میچ ریفری نے کہا کہ اس میں کسی قسم کی جان نہیں تھی اور نہ ہی مطلوبہ اُچھا ل دکھائی دیا۔خود آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ نے کہا کہ کچھ ریورس سوئنگ ضرور دیکھنے میں آئی لیکن نرم ہوجانے کی وجہ سے فیلڈر تک گیند کاپہنچنا مشکل ہورہا تھا۔