حیدرآباد۔/26اپریل، ( سیاست نیوز) میلاردیو پلی پولیس نے فاطمہ بیگم قتل کیس میں ملوث تین ملزمین کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس شمس آباد شریمتی پی وی پدمجا نے بتایا کہ 19اپریل کی شام کو فاطمہ بیگم کو 21سالہ آٹو ڈرائیور محمد آصف خان ساکن وٹے پلی نے اسے اپنی موٹر سیکل پر میلاردیوپلی میں واقع پرائم فنکشن ہال کے سنسان علاقہ لے گیا جہاں اس نے اس کی عصمت ریزی کی۔ آصف خان کو خاتون کے ہمراہ جھاڑیوں میں جاتا دیکھ کر 20سالہ عبدل ارشد خان اور 42 سالہ قدیر خان جو اسی علاقہ میں کولر کا کاروبار کرتے ہیں اور دونوں نے آصف خان کو خاتون کے ساتھ اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور اپنے موبائیل فون سے تصاویر بھی لی۔ دونوں کے خوف سے آصف خان وہاں سے فرار ہوگیا اور قریبی جھاڑیوں میں چھپ گیا۔ خاتون کی تنہائی کا فائدہ اٹھا کر عبدل ارشد خان نے بھی اس کی عصمت ریزی کی اور وہ بھی وہاں سے فرار ہوگیا۔ آٹو ڈرائیور آصف خان جو جھاڑیوں میں چھپا ہوا تھا دوبارہ خاتون کے پاس آکر اس کی عصمت ریزی کی کوشش کی لیکن خاتون نے چیخ پکار شروع کردی جس کے نتیجہ میں آصف خان نے فاطمہ بیگم کے سر پر وزنی پتھر ڈال کر قتل کردیا اور وہ وہاں سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضہ سے موبائیل فون اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا۔