میعاد کے ختم تک مودی حکومت پر کرپشن کے سنگین الزامات ہونگے

سابق وزیر فینانس پی چدمبرم کا مباحثہ میں اظہارخیال
ممبئی 19 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے خبردار کیا ہے کہ نریندر مودی حکومت اب اپنی میعاد کے اختتام کی سمت پہونچ رہی ہے اور اسے بھی کرپشن کے اتنے ہی سنگین الزامات کا سامنا کرنا ہوسکتا ہے جتنا یو پی اے کو دوسری میعادمیں کرنا پڑا تھا ۔ سابق وزیر فینانس نے کہا کہ سابقہ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت کو دوسری میعاد میں کئی کرپٹ اور بدعنوان کام کرنے والی حکومت کا لیبل لگ گیا تھا جب وہ اپنی میعادکے اختتام تک پہونچ رہی تھی ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ اب اسی نوعیت کے اور اتنی ہی شدت کے الزامات کا بی جے پی حکومت کو بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے جب وہ اپنی میعاد کی تکمیل کی سمت پہونچ رہی ہے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ بی جے پی حکومت کو کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنا پڑے ۔ پی چدمبرم نے ٹاٹا لٹریچر لائیو فیسٹول میں مباحثہ میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ یو پی اے حکومت کی دوسری میعاد وہ آخری حکومت تھی جس نے اپنی میعاد مکمل کی ۔ اس حکومت کو کرپشن کا لیبل لگ گیا تھا ۔ کسی بھی حکومت کے پانچ سال میعاد کی تکمیل کیلئے انتظار کیجئے ۔ اس حکومت کو بھی اسی طرح کا لیبل لگ جائیگا ۔ چدمبرم نے جو یو پی اے حکومت میں اہم قلمدان رکھتے تھے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ ایسا ہو لیکن ایسا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اصل نکتہ یہ ہے کہ یقینی طور پر یو پی اے حکومت کو اپنی دوسری میعاد میں ‘ میعاد کی تکمیل کے مراحل تک آتے آتے کرپشن اور بدعنوانیوں کے الزامات کا سامنا تھا لیکن جب تک کسی کو الزامات میں سزا نہ ہوجائے اور خاطی قرار نہ دیا جائے اس وقت تک ان الزامات کو قبول نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ آج جو صورتحال ہے وہ یہ ہے کہ جب تک کوئی معصوم ثابت نہیں ہوجاتا اس وقت تک اسے خاطی سمجھا جا رہا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ایسا سمجھنا غلط ہے۔

 

اس کے نتیجہ میں ملک میں قانون کی حکمرانی متاثر ہوکر رہ جائیگی۔ کرپشن کے مسئلہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کانگریس رکن راجیہ سبھا نے کہا کہ بڑے پیمانے پر کرپشن کی اصل وجہ حرص ہے کیونکہ انتخابات میں فنڈنگ کیلئے بھی ضرورت ہوتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کسی سیاسی شخص یا کسی سیاسی پارٹی کے مسئلہ میں انتخابات کیلئے فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے اور اسی چیز کو آپ کرپشن کہتے ہیں۔ جب تک آپ انتخابات کی فنڈنگ کا کوئی طریقہ اختیار نہیں کرینگے اس وقت تک آپ کرپشن کی سطح کو کم نہیں کرسکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ فرضی کرنسی کا چلن ختم کرنے کا جہاں تک سوال ہے نوٹ بندی بری طرح ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ نوٹ بندی کہاں ناکام ہوئی ہے ۔ اگر آپ کرپشن کو روکنے میں ناکامی محسوس کرتے ہیں اور اگر آپ کالے دھن کو روکنے میں ناکامی محسوس کرتے ہیں تو آئندہ 20 دن کیلئے گجرات جائیے اور دیکھئے کہ وہاں کس قدر دولت لٹائی جا رہی ہے ۔ گجرات میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نوٹ بندی کے ذریعہ صرف 41 کروڑ روپئے کی فرضی کرنسی کا پتہ چلا سکی ہے جو نوٹ بندی کے بعد بازار میں آنے والی جملہ کرنسی کا صرف 0.0027 فیصد ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ جہاں تک فرضی کرنسی کا چلن بند کرنے کا معاملہ ہے نوٹ بندی اس میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ انہوں نے حکومت کے ادعا کو بھی مسترد کردیا کہ نوٹ بندی سے دہشت گردی پر قابو پانے مدد ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 10 نومبر تک در اندازی اور عسکریت پسندوں کو ناکارہ بنانے واقعات میں گذشتہ سال کی بہ نسبت اضافہ درج ہوا ہے ۔