وولگوگریڈ۔23 جون(سیاست ڈاٹ کام)فیفا ورلڈ کپ کے آخری 16مرحلے میں رسائی ،نائیجیریا کی قسمت خود اس کے اپنے ہی ہاتھوں میں محفوظ ہے جسے گروپ ڈی کے آخری مقابلے میں ارجنٹینا کو شکست دینا کا سخت چیلنج درپیش ہوگا،مرد میدان احمد موسیٰ نے ٹیم کی امیدوں کو زندہ کردیا جوکئی ریکارڈز کے مالک بھی بن گئے۔گزشتہ روز آئس لینڈ کیخلاف میچ کے دوران پہلے ہاف میں نائیجریائی ٹیم واضح مواقع کے لحاظ سے جدوجہد کا شکار دکھائی دی لیکن اس نے احمد موسیٰ کی دو کامیاب کاوشوں کی بدولت نہ صرف ارجنٹیناکو سکون کی سانس عطا کیا بلکہ خود بھی ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کے امکانات پیدا کر لئے لیکن اب سوپر ایگلز کی قسمت خود اس کے اپنے ہاتھوں میں محفوظ ہے جن کو گروپ ڈی کے اہم ترین مقابلے میں منگل کو ارجنٹینا کیخلاف لازمی کامیابی کا سخت چیلنج درپیش ہے کیونکہ اس میچ کی فاتح ٹیم ہی اگلے مرحلے میں داخل ہو سکے گی۔نائیجیریا تین نشانات کی بدولت گروپ میں کروشیا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جبکہ ارجنٹیناکا ایک نشان ہے۔ واضح رہے کہ نائیجیریا نے فیفا ورلڈ کپ میں ابھی تک پانچ فتوحات حاصل کی ہیں اور انہیں یہ پانچوں کامیابیاں یورپی ٹیموں کیخلاف حاصل ہوئی ہیں اور اب انہیں چھٹی فتح کا انتظار ہے۔بے بس دکھائی دینے والی آئس لینڈ کی ٹیم کیخلاف کامیابی کے مرکزی کردار نمبر 7 کھلاڑی احمد موسیٰ ورلڈ کپ مقابلوں میں صرف دوسرے افریقی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں جنہوں نے ایک میچ کے دوران دو گولز اسکور کئے کیونکہ ان سے قبل یہ اعزاز 1990 میں کیمرون کے کھلاڑی راجر میلا نے حاصل کیا تھا۔ریکارڈ ساز احمد موسیٰ پہلے میچ میں نظر انداز کر دیئے گئے تھے لیکن انہوں نے کوچ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائے بغیر ورلڈ کپ کے دو میچوں میں اپنے گولز کی تعداد چار تک پہنچا دی۔برازیل میں ہوئے ورلڈکپ 2014 میں انہوں نے ارجنٹیناکیخلاف 2-3 کی ناکامی میں بھی دو گولز اسکورکئے تھے۔