ریوڈی جینیرو ۔ 15 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ارجنٹینا کے مشہور زمانہ فٹبال ہیرو ڈیگو میراڈونا نے کہا ہیکہ ان کے پسندیدہ کھلاڑی لیونل میسی ورلڈکپ کے ’گولڈن بال‘ ایوارڈ کے حقدار نہیں تھے۔ یاد رہے کہ اتوار کو ورلڈکپ کے اختتام پر 27 سالہ میسی کو ٹورنمنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ میراڈونا کے بموجب ’میں میسی پر زمین و آسمان نچھاور کر سکتا ہوں، لیکن جب کاروباری دنیا کے لوگ چاہتے ہیں کہ میسی کو وہ ایوارڈ دے دیا جائے جس کے وہ حقدار نہیں ہے تو میرے نزدیک یہ فیصلہ غلط ہے۔ یاد رہے کہ گروپ مقابلوں میں میراڈونا کی طرح 10 نمبر کی شرٹ پہننے والے میسی چارگول کرنے میں کامیاب رہے لیکن ناک آؤٹ مرحلے میں وہ کوئی گول نہیں کرسکے۔ سوئٹزرلینڈ کے خلاف فتح میں میسی نے اہم کردار ادا کیا تھا جس کی بدولت ارجنٹینا ورلڈ کپ کی آخری 16 ٹیموں میں شامل ہوا تھا
لیکن اس کے بعد ہالینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں میسی مشکل کا شکار نظر آئے۔ اسی طرح جرمنی کے خلاف فائنل میں اگرچہ میسی مخالف ٹیم کے لئے کبھی کبھی خطرہ بنتے رہے لیکن انھوں نے اپنی ٹیم کو برتری دلانے کا ایک بہترین موقع ضائع کیا تھا۔ ایوارڈ کے بعد میراڈونا نے مزید کہا کہ مجھے نظر آ رہا تھا کہ جب میسی کو ایوارڈ لینے کے لئے بلایا گیا تو وہ اسٹیج پر نہیں جانا چاہ رہے تھے۔ یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے دوران میراڈونا ایک ٹی وی چینل پر اپنا خصوصی پروگرام پیش کرتے رہے ہیں۔ ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹینا کی شکست کے بعد اپنے پروگرام میں میراڈونا نے کہا تھا کہ گولڈن بال ایوارڈ کے اصل حقدار کولمبیا کے ہامیس رودریگس تھے کیونکہ برازیل میں ان کا کھیل سب سے اچھا تھا۔ تاہم میراڈونا نے جرمنی کے خلاف اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھیں فخر ہے کہ ارجنٹینا نے بہتر مظاہرہ کیا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہم نے بھی اپنا پرچم بلند رکھا۔ جرمنی ارجنٹینا کی دفاعی لائن میں غلط فہمی کی وجہ سے جیت گیا لیکن میچ کے دوران ایسا کوئی وقت نہیں آیا جب جرمنی ہم سے بہتر کھیلا ہو۔