بیلو ہریزنٹ (برازیل)۔22 جون (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ کپ 2014ء کے گرو پ ایف کے ایک میچ میں ارجنٹینا نے کھیل کے اضافی منٹوں میں ایران کے خلاف گول کرکے دوسرے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ ایران نے عمدہ دفاعی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 90 منٹ تک ارجنٹینا کے فاروڈز کی ایک نہ چلنے دی لیکن میچ کے اختتامی منٹوں میں لیونل میسی نے ایران کی اُمیدوں پر پانی پھیر دیا۔ 90 منٹ کے کھیل کے بعد جب چار اضافی منٹ کا کھیل شروع ہوا تو لیونل میسی نے ایک انتہائی شاندار گول کرکے ایرانی مزاحمت کی کمر توڑ دی۔ کھیل کے پہلے ہاف میں ایران نے صرف دفاع کیا لیکن دوسرے ہاف میں ایران نے ارجنٹینا کے گول پر متعدد حملے کئے لیکن گول کرنے میں ناکام رہے۔ ارجنٹینا کے گول کیپر جو پہلے ہاف میں صرف گول پوسٹ میں ٹہلتے رہے۔ دوسرے ہاف میں عمدگی سے 3 گول بچائے۔ ارجنٹینا کے اسٹرائیکر لیونل میسی، سرجیو اگویرو اور گونزالو ہیگوائن نے ایرانی گول پر متعدد حملے کئے لیکن ایرانی گول کیپر علی رضا اور دفاعی کھلاڑیوں نے ارجنٹینا کو گول کرنے سے باز رکھا۔ کھیل کے پہلے ہاف میں صرف چند ایک موقعوں کے علاوہ گیند ایران ہاف میں رہا۔ ایرانی گول کیپر علی رضا نے ارجنٹینا کی طرف سے گول کرنے کی متعددکوششیں ناکام بنائیں لیکن ایک میں مات کھاگئے۔ پہلے ہاف کے اختتام پر فٹبال ماہر فیبیو کا کہنا تھا :’’میں بطور کھلاڑی اس بات کو جانتا ہوں کہ جب دوسری ٹیم کے گیارہ کے گیارہ کھلاڑی ہی دفاع پر اُتر آئیں تو لیونل میسی جیسے کھلاڑیوں کے لئے بھی گول کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ ماہرین فٹبال نے پہلے ہاف میں ایران کے کامیاب دفاعی کھیل کی تعریف کی۔ توقع کی جارہی تھی کہ ارجنٹینا کے مشہور اسٹرائیکر ایرانی دفاع کو پاش پاش کردیں گے لیکن ایسا نہ ہوسکا۔ دوسرے ہاف کے شروع کے 10 منٹ بعد ایران نے ارجنٹینا کے گول کی طرف بڑھنا شروع کیا اور دو موقعوں پر ایرانی فاروڈ رضا نے ارجنٹینا کے گول پر دو حملے کئے لیکن ارجنٹینا کے مستعد گول کیپر نے دونوں حملے ناکام بنادیئے۔ ایک اور ایرانی حملے میں ارجنٹینا کے دفاعی کھلاڑی زیبالیتا نے ایران فاروڈ کو پنالٹی ایریا میں گرایا تو ایران نے پنالٹی کک کا پرزور مطالبہ کیا لیکن ریفری نے پنالٹی دینے سے گریز کیا۔ ایران ارجنٹینا کے ہاتھوں شکست کے باوجود ابھی ٹورنمنٹ سے آؤٹ نہیں ہوا ہے۔ ایران اگلے میچ میں بوسنیا ہرزوگوینا کو ہرا کر اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرسکتا ہے۔