بارسیلونا۔ 24؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبال کھلاڑی لیونل میسی اسپینش لیگ لالیگا کی تاریخ کے سب سے زیادہ گولس بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ میسی نے بارسیلونا کی جانب سے سیویلا کے خلاف ہیٹ ٹرک کرکے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ انھوں نے ٹیلمو زارا کے 251 گول کا ریکارڈ توڑا۔ میسی نے لیگ میں اب اپنے گولس کی تعداد 253کرلی ہے۔ اس سے قبل چمپئنس لیگ میں اسٹار کھلاڑی نے راول کے 71 گولوں کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔ وہ بارسیلونا کے اب تک کے سب سے زیادہ 368 گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ چمپئنس لیگ میں راول کے ساتھ وہ سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ میسی نے لگاتار لالگا کے 21 میچوں میں گول کئے جو ایک ریکارڈ ہے۔ ایک سیزن میں سب سے زیادہ 68گولس کرنے والے فٹبالر بھی میسی ہیں۔ لالیگا کے کسی ایک سیزن میں سب سے زیادہ گول کرنے والے میسی ہی ہیں۔ اس کے علاوہ کسی ایک سال میں سب سے زیادہ 91 گول کرنے والے کھلاڑی بھی میسی ہیں۔