میسی کی ہیٹ ٹرک،بارسلونا کامیاب

بارسلونا ۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) لیونل میسی کی ہیٹ ٹرک کی بدولت بارسلونا نے یوئیفا چیمپئنز لیگ کے اپنے پہلے میچ میں ہالینڈ کی چیمپئن ٹیم پی ایس وی انڈہووین کو چار گول سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کو میچ کے دوسرے ہاف میں 10 کھلاڑیوں سے کھیلنا پڑا کیونکہ اس کے دفاعی کھلاڑی سیموئل امٹیٹی کو سرخ کارڈ دکھا کر باہر بھیج دیا گیا تھا۔اسپینش کلب نے اپنے گھریلوں میدان پر بھرپور فارم کا مظاہرہ کیا۔ میسی نے پہلا گول 32 ویں منٹ میں زبردست فری کک پر اسکور کیا۔ بارسلونا کے فرنچ اسٹرائکر عثمان ڈیبیلے نے 75ویں منٹ میں سبقت دگنی کردی۔ اس کے بعد کھیل کے آخری پانچ منٹ میں میسی نے مزید دو مرتبہ گیند کو جال کے حوالے کرکے اسکور 4-0 کرکے کلب کی فتح یقینی بنادی۔ علاوہ ازیں انگلش ٹیم لیور پول نے اپنے میدان این فیلڈ میں گھریلو فائدہ اٹھاتے ہوئے فرانسیسی ٹیم پیرس سینٹ جرمین کو زیر کیا۔ گروپ سی میں کھیلا گیا میچ زبردست ثابت ہوا جس کا نتیجہ میزبان ٹیم کے حق میں 2 -3 سے نکلا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ انتہائی سنسنی خیز رہا اور دونوں جانب سے ایک دوسرے کی گول پوسٹ پر کئی حملے کئے گئے تاہم میچ کے آخری لمحات میں روبرٹو فرمینو کے گول نے فیصلہ کن کردار ادا کیا اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی ۔ ناکام ٹیم ڈینیل ملنر اور جیمز اسٹریج کے دو گول کیوجہ سے خسارے میں تھی لیکن تھوماس مینوئر اور کائلیان امباپے نے گول کرکے اسکور برابر کردیا۔