نئی دہلی۔ 15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کلب بارسلونا کے ایشین پیسیفک ڈائریکٹر جنرل جورڈی کیمپس نے اس امید کا اظہار کیا کہ عالمی شہرت یافتہ لیونل میسی اپنے شاندار کریر کو ختم کرنے سے قبل ہندوستان کے دورہ پر ضرور آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صرف وقت کی بات ہے اور امید ہے کہ ہندوستان اس موسم سرما میں کوچی میں ہونے والے مقابلے میں میسی کو ایکشن میں دیکھے گا۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ بارسلونا کی ہندوستان آمد کی امیدیں کیا ہیں ، تو انہوں نے کہا کہ ہندوستان بارسلونا اور ہانگ کانگ کیلئے فٹبال کی ایک بڑی مارکٹ ہے۔ ہندوستانی شائقین کے سامنے بارسلونا کے کھلاڑی کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ یہ نہیں جانتے کہ بارسلونا کی ہندوستان آئندہ برس آمد ہوگی یا آئندہ چند برسوں میں یہ یقینی ہوجائے گا لیکن اتنا تو ضرور کہا جاسکتا ہے کہ بارسلونا ہندوستان میں عنقریب ایک دوستانہ مقابلہ ضرور کھیلے گا جس میں میسی بھی ایکشن میں ہوں گے۔