میسی کا تقابل میراڈونا سے ہونے لگا

ریوڈی جینیرو ۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نیمر ورلڈ کپ سے باہر اسٹریچر پرگئے، جیمز روڈ ریگز آنسوؤں کے ساتھ، جبکہ لوئس سواریز اپنی عزت گنوا کر ورلڈ کپ کا اختتام کیا ہے۔ اسی طرح رونالڈو اور وین رونی بھی کوئی جوہر نہیں دکھا پائے اور زلاتان ابرہیموچ اپنے گھر پر پڑے رہے۔لیکن فٹبال کے اِن ستاروں میں سب سے بڑا اسٹار کھلاڑی لیونل میسی ابھی تک نہ صرف میدان میں کھڑا ہے، بلکہ پوری آب وتاب کے جگمگا رہا اور مذید دو میچوں میں کامیابی سے اس کا شمار فٹبال کی تاریخ کے بڑے ناموں میں ہو سکتا ہے۔میسی نے ابھی اپنے تمام جوہر نہیں دکھائے لیکن اس کے باوجود بارسلونا کا یہ فارورڈ ارجنٹینا کو تاریخی طور پر ایک قدم آگے لے گیا ہے، کیونکہ 1990 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ارجنٹینا بلجیم کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ارجنٹیناکے کوچ کے بقول وہ ہمارے لیے صحرا میں پانی ثابت ہوئے۔ جب زمین خشک ہو چکی تھی، میسی نے ہمیں ایک اور موقع دیا کہ ہم تازہ ہوا میں سانس لے سکیں۔اس ورلڈ کپ کے دوران جس دن وہ ارجنٹینا کی طرف سے 91ویں مرتبہ عالمی کپ کے میدان میں اترے تو انھوں نے میراڈونا کا ریکارڈ برابر کر دیا تھا۔ اس کے بعد میراڈونا کے ساتھ میسی کا موازنہ کرنا کوئی زیادتی نہیں۔بلجیم کے خلاف میسی کی کارکردگی اْس معیار کی نہیں رہی جو میراڈونا نے 1986 کے سیمی فائنل میں دکھائی تھی جب بلجیم اور ارجنٹینا‘ میکسیکو سٹی میں ٹکرائے تھے، لیکن میسی کی کارکردگی اتنی اچھی ضرور ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کا تقابل کیا جا سکے۔جب آپ وہ منظر دیکھتے ہیں جب میسی نے پہلے ہاف میں بلجیم کے پانچ کھلاڑیوں کو مات دینیکے بعد اپنی ٹیم کو فری کِک دلوائی تو بالکل اس جیسا 1982 کا ایک منظر ضرور یاد آتا ہے جب میراڈونا بال لئے بیلجیم کے گول کی جانب اڑتے جا رہے تھے اور بیچارے چھ مخالف کھلاڑیوں کو سمجھ میں کچھ نہیں آ رہا تھا کہ اِس شخص کے ساتھ کیا کریں۔بالکل 1982 کی طرح اس مرتبہ بھی بیلجیم کے کھلاڑی 10 نمبر کی شرٹ کی جانب یوں کھِچے چلے آ رہے تھے جیسے لوہے کی کئی کیلیں بیک وقت مقناطیس کو چمٹ جاتی ہیں۔صرف یہی ایک منظر نہیں ، بلکہ اس میچ میں کئی لمحات ایسے تھے جبکہ میسی کو دیکھ کر میراڈونا یاد آئے۔بیلجیم کے خلاف میچ کے بارے میں ارجنٹیناکے کوچ الیگزینڈرو سبیلا نے کہا ہے کہ میسی کی کارکردگی زبردسترہی۔یہ صرف گول اسکور کی بات نہیں، بلکہ میسی مخالف ٹیم کے تین چار کھلاڑیوں کو اپنے ساتھ باندھے رکھتے ہیں۔ میسی ہماری امید ہیں۔ وہ دشمن کے لئے خطرات پیدا کرتے ہیں اور میدان میں ان کا رویہ میچ کے لئے فیصلہ کْن ہوتا ہے۔ ہم میسی کی بہت قدر کرتے ہیں۔دیکھتے ہیں کہ میسی آگے کیا کرتے ہیں؟ کیا وہ واقع سیمی فائنل اور پھر فائنل میں ارجنٹینا کو وہ کامیابی دلا سکتے ہیں جو 86 میں میراڈونا اور ان کے ساتھیوں نے دلوائی تھی۔چاہے تاریخ 86 کو صرف میراڈونا کے حوالے سے یاد کرے، لیکن حقیقت بہرحال یہی ہے کہ اْس وقت بھی ارجنٹینا کی ٹیم صرف ایک کھلاڑی پر مشتمل نہیں تھی اور نہ ہی اْس مرتبہ کے سیمی فائنل میں ہوگی۔لیکن اس کے باوجود ارجنٹینا کے کھلاڑیوں اور ان کے مداحوں کو برازیل میں جب بھی امید اور جذبے کی ضرورت ہوگی، تو ان سب کی نظریں اس شخص کی جانب اٹھیں گی جس کی پشت پر لکھا ہوگا نمبر 10۔ ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل میسی پر شدید دباؤ اس لئے بھی تھا کیونکہ بار سلونا کیلئے وہ درجنوں گول کرچکے تھے لیکن گذشتہ 8 برسوں کے دوران وہ ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم ارجنٹینا کیلئے گول کرنے میں ناکام رہے تھے۔