ریوڈی جنیریو۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ اسٹار فٹ بالر لیونل میسی نے گذشتہ روز اپنی 27ویں سالگرہ منا ئی ۔ 24 جون 1987کو ارجنٹینا کے ساحلی علاقے روزیریو میں جارج آندریز میسی کے گھر پیدا ہونے والے میسی نے فٹ بال کے کھیل کو ایک نئی جہت فراہم کی جس کے نتیجہ میں فٹ بال محض ایک کھیل ہی نہیں رہا بلکہ ایک فن کی شکل اختیار کر گیا ۔ میسی کے والدین کا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے ۔ میسی کے والد ایک فیکٹری میں مزدوری کرتے تھے جبکہ والدہ بھی کلینر کے طور پر کام کرکے خاندان کی کفالت میں اپنا حصہ اداکرتی۔میسی بچپن ہی سے فٹ بال کی طرف راغب تھے جس کی وجہ سے وہ اپنے اسکول کا زیادہ تر وقت کلاس روم میں گزارنے کے بجائے فٹ بال گراونڈ میں گزارتے تھے۔فٹ بال کلب سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے میسی کا شمار دنیائے فٹ بال کے اول درجے کے کھلاڑیوں میں کیا جاتا ہے۔فٹ بال کی دنیا کے کئی اعزازات اپنے نام کرنے والے میسی کو آج دنیا کے سب سے قیمتی فٹ بالر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔