میسی نے چمپینس لیگ کے گولس کا ریکارڈ بھی توڑ دیا

نیکوشیا ۔ 26 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)اسٹار فٹبال کھلاڑی لیونل میسی چمپینس لیگ میں بھی سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی بن چکے ہیں ، جیسا کہ چار دن قبل انھوں نے لا لیگا میں سب سے زیادہ گول بنانے کا ریکارڈ اپنے نام درج کرلیا تھا ۔ میسی نے چمپینس لیگ کا 72 واں گول اے پی او ای ایل نیکوشیا کے خلاف اسکور کیا ہے ۔ میسی جوکہ بارسلونا کی قیادت کررہے تھے انھوں نے مقابلے کے 37 ویں منٹ میں لوئیس سوریز کے پاس کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے کلب کیلئے ایک اور کامیابی حاصل کی ہے ۔ میسی نے اپنے کیرئیر کا 72 واں گول اسکور کرتے ہوئے سابق میں راؤل کی جانب سے بنائے جانے والے 71 گول کا ریکارڈ توڑ دیا ہے

جنھوں نے رئیل میڈریڈ اور ہسکالے کی نمائندگی کرتے ہوئے 71 گول اسکور کئے تھے ۔ دوسری جانب کرسٹیانو رونالڈو 72 گول کے ساتھ اس دوڑ میں کافی قریب حریف ہیں۔ میسی نے 27 سال کی عمر میں لالیگا اور چمپینس لیگ کے ریکارڈس کو اپنے نام کرلیا ہے ۔ علاوہ ازیں چمپینس لیگ میں انھوں نے راؤل کا ریکارڈ 51 مقابلے قبل ہی پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ راؤل اور میسی دونوں ہی کھلاڑی تین مرتبہ اپنی ٹیم کو چمپینس لیگ کا خطاب بھی دلواچکے ہیں۔ چار مرتبہ کے دنیا کے سب سے بہترین کھلاڑی میسی نے حالیہ عرصہ میں 59 سالہ قدیم لالیگا کا ریکارڈ بھی توڑا ہے جیسا کہ انھوں نے رواں سیزن ٹیلمو زرا کی جانب سے بنائے جانے والے 251 گولس کے مجموعی اسکور کو سیولیا کے خلاف 5-1 کی کامیابی میں ہیٹ ٹرک گول اسکور کئے تھے ۔