بارسلونا، 6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ارجنٹینا اور بارسلونا کے مشہور اسٹرائیکر اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی روما کے خلاف دوستانہ میچ کے دوران آپے سے باہر ہو گئے اور انہوں نے حریف ٹیم کے فٹبالر کو اپنا سر دے مارا۔ اسپینی سیزن کے آغاز سے قبل چمپئن بارسلونا اور اطالوی ٹیم روما کے درمیان دوستانہ میچ کھیلا گیا لیکن گزشتہ روز میچ کے پہلے ہاف کے دوران ایک موقع پر میسی اپنا تحمل کھو بیٹھے۔ میچ کے پہلے ہاف میں میسی فرانس سے تعلق رکھنے والے روما کے دفاعی کھلاڑی ینگا ایم بیوا سے الجھ پڑے اور انہیں اپنا سر مار دیا اور پھر انہیں گلے سے پکڑ لیا۔ اس سے قبل کہ معاملہ بگڑتا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بیچ میں آ کر معاملہ رفع دفع کرایا۔ میسی اپنے اس فعل پر ریڈ کارڈ سے تو بچ گئے لیکن ریفری نے فوری طور پر واقعے میں ملوث دونوں کھلاڑیوں کو یلو کارڈ دکھا کر وارننگ جاری کردی۔ فٹبال کی دنیا کے موجودہ دور کے بہترین کھلاڑی مانے جانے والے میسی عام طور پر تحمل مزاجی کیلئے مشہور ہیں جہاں حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے متعدد بار غلط ٹیکلنگ اور حملوں کے باوجود وہ خود کو قابو میں رکھتے ہیں۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آج تک بارسلونا میں میسی کو ایک بار بھی ریڈ کارڈ نہیں دکھایا گیا اور انہیں اپنے پورے کیریئر میں صرف ایک بار ریڈ کارڈ کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ بھی ان کے ارجنٹینا کیلئے کھیلے گئے پہلے میچ میں جب انہیں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں بھیجا گیا۔ میسی نے کل کے میچ میں اپنی ٹیم کیلئے گول اسکور کیا لیکن اس واقعے کے بعد دوسرے ہاف کے 60ویں منٹ میں انہیں باہر بلا لیا گیا۔ اس میچ میں بارسلونا 3-0 سے فاتح رہی۔ یہ کسی کھلاڑی کی جانب سے حریف ٹیم کے کھلاڑی کو ہیڈر مارنے کا پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل اٹلی اور فرانس کے درمیان کھیلے گئے ورلڈ کپ 2006ء کے فائنل میں فرانسیسی اسٹار زین الدین زیڈان نے اٹلی کے کھلاڑی کو سینے پر ہیڈر مارا تھا اور انہیں ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر بھیج دیا گیا تھا اور اس کے ساتھ ہی ان کے کیریئر کا اختتام بھی ہو گیا ۔ بارسلونا اسپینی لیگ لا لیگا میں اپنے اعزاز کے دفاع کی مہم کا آغاز 23 اگست سے کرے گی۔