میسی نے ارجنٹینا کی لاج رکھ لی، آٹھ سال بعد دوسرا ورلڈ کپ گول

بوسنیا۔ ہرزیگوینا کا اولین عالمی کپ مقابلے میں پرجوش پرفارمنس ۔ دیگر میچوں میں فرانس اور سوئٹزرلینڈ کی کامیابی

ریو ڈی جنیرو، 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) فیفا ورلڈ کپ کے چوتھے روز لیونل میسی کی انفرادی مہارت نے بے استقلال ارجنٹینا کو عالمی سطح پر پہلی بار کھیلنے والے پرجوش بوسنیا۔ ہرزیگوینا کے مقابل معمولی فرق کے ساتھ 2-1 سے کامیابی حاصل کرنے میں مدد کی جبکہ فرانس نے 10 کھلاڑیوں تک محدود ہونڈوراس کو سخت مسابقت والے میچ میں 3-0 سے واضح شکست دے دی۔ میسی جو چار مرتبہ کے بالن ڈی آر ونر ہیں، شاہانہ ماراکانا اسٹیڈیم میں تمام نگاہوں کا مرکز بنے رہے جہاں دو بار کے چمپینس ارجنٹائن نے اپنی مہم شروع کی۔ تاہم بوسنیائی ٹیم کے پرجوش پرفارمنس نے ارجنٹینا کو متزلزل کردیا، بالخصوص میسی کے اطراف حریف کھلاڑیوں کا دائرہ مضبوط کردیا گیا، یہاں تک کہ سکنڈ ہاف میں چند تکنیکی تبدیلیوں نے انھیں کھل کر کھیلنے میں مدد کی۔ دیگر مقامات پر گول لائن ٹکنالوجی کی مدد سے پہلا انٹرنیشنل گول عطا کیا گیا جب فرانس نے 10 کھلاڑیوں تک محدود ہونڈوراس ٹیم کو ہرایا جس میں کریم بنزیما کے دو گول نمایاں رہے جبکہ سوئٹزرلینڈ نے دیگر گروپ E میچ کے آخری لمحات میں فیصلہ کن گول کرتے ہوئے ایکواڈر کو 2-1 سے حیران کردیا۔ لیکن کل ساری نگاہیں تو میسی پر مرکوز رہیں جبکہ ان کی قیادت میں ارجنٹائنی ٹیم نے میدان سنبھالا، اور پھر اپنے کھیل کے ذریعہ انھوں نے اس نظریہ کو ختم کرنے کی کوشش کی کہ وہ نیشنل ٹیم سے کہیں زیادہ اپنے کلب بارسلونا کے عظیم تر کھلاڑی ہیں۔ دو مرتبہ کے چمپینس کو فرسٹ ہاف میں سبقت ملی جو سیڈ کولاسینا کے سیلف گول کی مرہون منت ہوا، جنھوں نے میسی کی فری کک کو خود اپنی نٹ میں پہنچا دیا تھا۔ ارجنٹائنی کھلاڑیوں کو برتری کے باوجود ایسا لگا کہ کھیل پر کنٹرول حاصل نہیں، جیسا کہ وہ پاسیس کو مکمل کرنے میں ناکام ہوتے رہے اور گول پر کوئی جاندار شاٹس بھی نہیں لگا پارہے تھے۔ غیرمعیاری پرفارمنس نے پرستاروں کو بھی بے چین کردیا اور وہ لعن طعن کرنے لگے تھے، یہاں تک کہ ارجنٹائنی کوچ الیگزینڈرو سابیلا نے سکنڈ ہاف میں حکمت عملی میں تبدیلیاں کئے۔ انھوں نے 5-3-2 کی ترکیب کو 4-3-3 سے بدلتے ہوئے گونزالو ہگوین اور فرنانڈو گاگو کو میدان پر بھیجا جنھوں نے میکسی روڈریگز اور ہوگو کامپانارو کی جگہ لی۔

اس تبدیلی کا تیزی سے فائدہ ہوا جیسا کہ میسی نے ہگوین کے ساتھ تال میل میں تیزی سے پاسیس دیئے اور 65 ویں منٹ میں اپنا دوسرا ورلڈ کپ گول اسکور کیا، جس کیلئے شائقین نے پورے آٹھ سال انتظار کیا۔ متبادل کھلاڑی ویساڈ آئیبیسیویچ کو ورلڈ کپ فائنلس میں بوسنیا کا اولین گول اسکور کرنے کا اعزاز حاصل ہوا، جو اختتام سے پانچ منٹ قبل درج ہوا، جب انھوں نے ارجنٹائنی گول کیپر سرجیو رومیرو کی آگے بڑھ کر گیند روکنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے کامیاب شاٹ مارا۔ پورٹو الیگرو میں کریم بنزیما نے گروپ E میچ میں دس کھلاڑیوں والے ہونڈوراس کے مقابل 3-0 کی جیت میں دو گول بنائے۔ سکنڈ ہاف کی شروعات میں کریم جنھوں نے ایک پنالٹی کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی تھی، اُن کی وولی گول پوسٹ کو لگ کر ڈی ایریا میں واپس آئی۔ ہونڈوراس کے گول کیپر نوئل والادریس نے گیند دبوچ لینے کی کوشش کی لیکن ریفری سانڈرو ریکی نے نئی ٹکنالوجی کا اطلاق کرتے ہوئے اسے سیلف گول قرار دے دیا۔ ونسٹن پالاشیوس کو پال پوگبا کے خلاف دو فاؤل کرنے پر ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔

کریم نے اپنا دوسرا گول 72 ویں منٹ میں مشکل زاویہ سے اسکور کیا۔ قبل ازیں گروپ E کے افتتاحی میچ منعقدہ برازیلیا میں متبادل کھلاڑی ہیرس سیفرویچ نے اختتامی لمحات میں فیصلہ کن گول کرتے ہوئے سوئٹزرلینڈ کو ایکواڈر کے مقابل 2-1 کی ڈرامائی جیت دلائی۔ اسٹرائیکر اینر والنشیا نے ہیڈر کے ذریعہ ایکواڈر کا واحد گول بنایا جس کے بعد ادمیر محمدی نے سوئس ٹیم کیلئے اسکور مساوی کیا ۔ ریو ڈی جنیرو میں پہلی بار ورلڈ کپ کھیلنے والے بوسنیا کیلئے ڈراؤنی شروعات ہوئی جب سیڈ کولاسیناچ نے سیلف گول کرلیا، جو ابھی تک رواں ٹورنمنٹ کا تیسرا سیلف گول ثابت ہوا، اور اس طرح ارجنٹینا کو تیسرے منٹ میں سبقت حاصل ہوگئی۔ میسی نے بائیں جانب سے جاندار فری کک مارا، مارکوس رویو ہیڈر کیلئے اچھلے لیکن چوک گئے، اور گیند کولاسیناچ کی پنڈلی کو لگ کر نٹ میں پہنچ گئی۔ لیکن پہلی بار کھیلنے والی ٹیم جلد سنبھل گئی اور ٹھوس دفاعی کھیل کھیلا، جس میں میسی، میکسی روڈریگز اور اینجل ڈی ماریا جیسے اسٹارز کو غلبہ حاصل کرنے سے روکے رکھا۔