میسی ریٹائرمنٹ واپس لیں، صدر ارجنٹائن کی اپیل

بیونس آئرس ، 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) ارجنٹائن کے صدر موریسیو مکری اور لجنڈ ڈیگو ماراڈونا نے اسٹار فٹبالر لائنل میسی سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی اپیل کر دی۔ کوپا امریکا کپ فٹبال ٹورنمنٹ میں چلی سے ہار شکستہ دل اسٹار فٹبالر میسی کے ریٹائرمنٹ کا باعث بنی۔ شکست خوردہ ارجنٹائن کی ٹیم اُداس چہروں کے ساتھ وطن واپس پہنچ چکی ہے۔ ارجنٹائن کے صدر نے حریف ٹیموں کیلئے خطرے کی علامت سمجھے جانے والے اسٹار میسی سے رابطہ کیا اور ان سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی اپیل کی۔ انھوں نے میسی سے مزید کہا کہ وہ کوپا امریکا میں شکست پر ہونے والی تنقید پر کان نہ  دھریں۔ دوسری جانب ارجنٹائن کے لجنڈ فٹبالر ماراڈونا نے بھی میسی کو نیشنل ٹیم کی جانب سے کھیلتے رہنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔ میراڈونا کہتے ہیں کہ میسی کو 2018ء کے ورلڈ کپ میں ٹیم کو چمپئن بنانے کیلئے نیشنل ٹیم کی طرف سے کھیلنا چاہئے۔ اس سے قبل کوپا امریکا کے قطعی معرکے سے پہلے ماراڈونا نے ارجنٹائن کو وارننگ دی تھی کہ اگر وہ یہ میچ نہ جیتیں تو وطن واپس آنے کی ضرورت نہیں۔