لندن، 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) یورپی فٹ بال اسوسی ایشن (یوئیفا )نے بارسلونا کے اسٹار لیونل میسی کو چمپینس لیگ کے حالیہ راؤنڈ کے میچوں میں کارکردگی کی بنیاد پر پلیئر آف دی ویک منتخب کیا ہے ۔ میسی نے ویمبلے اسٹیڈیم میں ٹوٹنہم کے خلاف اہم گول کیا تھا۔ میسی نے نہ صرف گول کیا بلکہ دو بار گول میں مدد بھی کی اور مخالف ٹیم کی دفاع کیلئے مسلسل میچ میں خطرہ بنے رہے ۔ یہ مسلسل دوسری بار ہے جب چمپینس لیگ میں میسی کو پلیئر آف دی ویک ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔ اس سے پہلے انہوں نے ابتدائی مقابلوں میں پي سی وي کے خلاف میچ میں ہیٹ ٹرک سے بھی یہ ایوارڈ جیتا تھا۔ ایف سی بارسلونا کے ارجنٹائن کے کھلاڑی نے سیزن کا آغاز بہترین فارم سے کیا تھا۔ میسی نے چمپینس لیگ کے دو میچوں میں اب تک پانچ گول کئے ہیں اور چمپینس لیگ کے خطاب اپنی ٹیم کو دلانے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔