بیونس آئرس 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ارجنٹینا کی فٹبال ٹیم کے کوچ ایڈگارڈو باؤزا نے کہا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی بارسیلونا کے علاوہ کہیں اور زیادہ خوش نہیں رہ سکتے اور وہ ارجنٹینا کے لئے ورلڈکپ حاصل کرتے ہوئے عظیم ترین کھلاڑی بھی بن سکتے ہیں۔ ایڈگارڈو نے مزید کہاکہ میں یہ آسانی سے دیکھ سکتا ہوں کہ میسی بارسیلونا میں کافی مطمئن اور خوش ہیں اور یہ بھی یقینی طور پر کہہ سکتا ہوں کہ جب میسی مسرور ہیں تو وہ اپنا بہترین مظاہرہ بھی پیش کریں گے۔ 59 سالہ کوچ نے یہ بھی کہاکہ جب فٹبال کھلاڑی خوش رہتا ہے اور کامیابی حاصل کرتا رہتا ہے تو اِس سے بڑی خوشی اس کے لئے کچھ نہیں رہتی ہے۔ واضح رہے گزشتہ ہفتہ چمپئنس لیگ کے مقابلے میں میسی کی ٹیم بارسیلونا کو سینٹ جرمین کے خلاف 4-0 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں زور پکڑنے لگیں کہ میسی کا بارسیلونا سے معاہدہ ختم ہونے والا ہے جس کے بعد شاید وہ بارسیلونا کے لئے دستیاب نہیں رہیں گے۔
ہندوستانی کھلاڑی ہاکی ایوارڈ سے محروم
چنڈی گڑھ، 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے جان جان ڈوھیمین اور ہالینڈ کی ناومی وان ایس کو سال 2016 کے بہترین مرد اور خاتون کھلاڑیوں کے ہاکی اسٹار ایوارڈ سے نوازا گیا لیکن ہاکی کا آسکر کہے جانے والے ان ایوارڈز میں کسی ہندوستانی کو یہ اعزاز حاصل نہیں ہوپایا۔ہاکی انڈیا (ایچ آئی) نے یہاں منعقدہ اس تقریب میں کھلاڑیوں کو ہاکی کے آسکر کہے جانے والے ان ایوارڈز سے نوازا۔دنیا کے بہترین گول کیپرز میں شمار ہندوستان کے پی آر شریجیش کو گول کیپر اور ہرمن پریت سنگھ کو بہترین ابھرتے کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔لیکن دونوں ہی ہندوستانیوں کو انعام نہیں مل سکا۔