کراٹوو ( روس ) 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) پرتگال کے اڈریان سلوا نے اپنے ٹیم کے ساتھی کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹینا کے لیونل میسی کے مابین کسی تقابل سے انکار کردیا ۔ ورلڈ کپ کے اپنے افتتاحی میچ میں دونوں عالمی اسٹارس کی کارکردگی ایک دوسرے سے مختلف رہی تھی ۔ رونالڈو نے ایک ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے پرتگال کو شکست سے بچالیا تھا اور ان کا میچ خطاب کی دعویدار سمجھی جانے والی اسپین کے ساتھ 3 – 3 سے برابری پر ختم ہوا تھا جبکہ لیونل میسی نے آئیس لینڈ کے خلاف میچ میں ایک پنالٹی کک مس کردی تھی اور گول اسکور نہیں کرسکے تھے ۔ ارجنٹینا اور آئیس لینڈ کا مقابلہ 1-1 سے برابری پر ختم ہوا تھا ۔ لیسسٹر سٹی کیلئے کھیلنے والے مڈ فیلڈر سلوا نے آج کہا کہ آپ میسی کا رونالڈو سے تقابل نہیں کرسکتے ۔ ہم ایک بہترین اسٹار کھلاڑی رکھتے ہیں۔ وہ ہمارے ساتھ ہیں اور انہیںوہ سب کچھ کرنا چاہئے جو ان سے متوقع ہے ۔ انہیں چاہئے کہ وہ ہماری مدد کریں جتنا وہ کرسکتے ہیں۔ سلوا نے کہ اکہ اسپین کے ساتھ میچ کا نتیجہ مثبت رہا ہے ۔ حالانکہ یہ نتیجہ توقعات کے مطابق نہیں رہا ہے لیکن ہم نے کوشش کی کہ شکست سے بچ جائیں۔ یہی بات ہمارے لئے زیادہ اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر لمحہ میں اپنی بہترین کوشش کی ہے ۔ اسپین نے میچ کا نقشہ بدلنے کی کوشش کی تھی لیکن ہم نے مزاحت کی اور ہم کو اس پر خوشی ہے ۔ رونالڈو نے اس میچ میں تین گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو شکست سے بچالیا تھا ۔ کہا جا رہا ہے کہ رونالڈو اپنی شاندار کارکردگی کے ذریعہ اپنی ٹیم کو عالمی خطاب دلانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ پرتگال نے 2006 میں سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی ۔ سلوا کا کہنا تھا کہ جاریہ ورلڈ کپ میں ان کی ٹیم کامیابی حاصل کرنے کی جدوجہد کرے گی لیکن رونالڈو کی مدد اور ان کی بہتر کارکردگی کے بغیر یہ سفر آسان نہیں ہوگا ۔