میسی اور رونالڈو کے شاندار مظاہرے

میڈرڈ۔27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) گریت بالے اور کرسٹیانو رونالڈو نے شاندار مظاہرے کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 2-0 کے خسارے سے باہر نکالتے ہوئے ویلارئل کے خلاف 3-2 کی کامیابی سے نہ صرف ہمکنار کیا بلکہ لالیگا میں بارسیلونا سے دوبارہ پہلا مقام چھین لیا ہے۔ قبل ازیں بارسیلونا نے اپنے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی کے مقابلے سے چار منٹ قبل بنائے جانے والے فیصلہ کن گول کی بدولت ایٹلی ٹیکو میڈرڈ کے خلاف 2-1 کی کامیابی حاصل کی۔ بارسیلونا اور ریئل میڈرڈ کے اسٹار کھلاڑیوں نے گول بناتے ہوئے اپنی ٹیموں کو کامیابی دلوائی لیکن ان نتائج کے باوجود ریئل میڈرڈ کو اپنی کٹر حریف ٹیم بارسیلونا کے خلاف نہ صرف ایک نشان کی سبقت حاصل ہے بلکہ اسے ہنوز ایک مقابلے میں شرکت کا موقع بھی دستیاب ہے۔ علاوہ ازیں ریئل میڈرڈ کے منیجر زین الدین زیڈان نے کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس مقابلے میں ہم نے معیاری کھیل پیش کرتے ہوئے مقابلہ کو اپنے حق میں کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے اس مقابلہ میں ٹیم نے جو کچھ مظاہرہ کیا ہے وہ ضروری تھا تاکہ اس مقابلہ کے ذریعہ تین نشانات حاصل کیئے جاسکیں۔ ایک موقع پر رونالڈو کی زیر قیادت ٹیم کی شکست یقینی دکھائی دے رہی تھی تاہم رونالڈو نے کپتانی مظاہرہ کرتے ہوئے اہم موقع پر گول کیا۔