زیورخ۔16جنوری(سیاست ڈاٹ کام ) فٹبال کلب رئیل میڈرڈ سے تعلق رکھنے والے پرتگال کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے 2008ء کے بعد پہلی مرتبہ فیفا کا باوقار ایوارڈ ’’بالن ڈی آر ‘‘ حاصل کیا ہے اور یہ ایوارڈ انہوں نے بارسلونا کلب کے اسٹار کھلاڑی اور ارجنٹینا کے لیونل میسی کی جانب سے متواتر 4 مرتبہ حاصل کرنے کے سلسلہ پر روک لگاتے ہوئے حاصل کیا ہے ۔ زیورخ میں منعقدہ ایک شاندار تقریب کے دوران رونالڈو کو بالن ڈی آر ایوارڈ 2013ء کیلئے منتخب کیا گیاتھا اس اعلان کے ساتھ رونالڈو کو مبارکبادی کے پیغامات کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ سماجی رابطے کے ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر رونالڈو کے فالوورس کی تعداد 2.8 ملین سے زائد ہے اور ٹوئیٹر پر جب رونالڈو کی تصویر ایوارڈ کے ساتھ شائع کی گئی تو یہاں مبارکباد دینے والوں کی تعداد لاکھوں میں درج کی گئی ہے ۔ ٹوئیٹر کے علاوہ فیس بک پر بھی رونالڈو کے پرستاروں نے اپنے پسندیدہ فٹبال کھلاڑی کی ایوارڈ کے کے ساتھ تازہ ترین تصویر جاری کرتے ہوئے صرف رونالڈو کو مبارکباد دی
بلکہ گذشتہ 3برس سے متواتر یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے میسی سے ہمدردی کا اظہار کیاہے ۔ فیفا کے باوقار ایوارڈ کیلئے 2013ء سیزن کیلئے 3مضبوط امیدواروں میںرونالڈو ‘ میسی کے علاوہ فرانک ریبری بھی موجود تھے لیکن اس مرتبہ رونالڈو نے بازی مارلی جیسا کہ 2008ء میں انہوں نے پہلی مرتبہ یہ ایوارڈ حاصل کیا تھا جس کے بعد سے مسلسل میسی نے اس ایوارڈ پر اپنا قبضہ جمارکھا تھا۔ ایوارڈ 2013ء کے فاتح کھلاڑی کیلئے کی جانے والی رائے دہی کی تفصیلات میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ رونالڈو اور میسی نے ایک دوسرے کے خلاف اپنے ووٹ کا استعمال نہیں کیا ۔ 2013ء میں میسی زخمی ہوکر چندمقابلوں میں شرکت نہیں کرپائے تھے تو دوسری جانب اس سیزن میں رونالڈو نے غیر معمولی کارکردگی کے ذریعہ اپنی ٹیم کو کئی یادگار فتوحات سے ہمکنار کیا جس میں تنہا کوششوں سے پرتگال کو ورلڈ کپ کے فائنلس میں پہنچانے کا کارنامہ بھی شامل ہے ۔