نئی دہلی ۔ /10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ جنتادل سربراہ لالوپرساد یادو کی دختر میسا بھارتی آج ایک تنازعہ کا شکار ہوگئیں ۔ انہوں نے مبینہ طور پر فیس بک پرایک تصویر پوسٹ کی جس میں عملاً یہ تاثر دیا جارہا تھا کہ وہ باوقار ہارورڈ یونیورسٹی کی انڈیا کانفرنس سے خطاب کررہی ہیں۔ انہیں اس کانفرنس سے خطاب کیلئے بحیثیت مہمان مقرر مدعو کیا گیا ہے ۔ میسا نے /7 مارچ کو یہ تصویر پوسٹ کی جس میں وہ شہ نشین سے خطاب کررہی ہیں ۔ میسا بھارتی نے تازہ فیس بک پوسٹ پر کہا ہے کہ انہوں نے کانفرنس سے خطاب کرنے کا دعویٰ نہیں کیا ۔ ہارورڈ نے میسا بھارتی کی جانب سے یہ تصاویر مبینہ طور پر بہار میں اخبارات کیلئے جاری کرنے کے بعد یہ وضاحت کی ہے کہ وہ سامعین کا ایک حصہ تھیں اور انہیں خطاب کیلئے مدعو نہیں کیا گیا تھا ۔ ان کے موقف کا اس حقیقت سے بھی اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ میسا بھارتی نے سامعین کے گوشہ میں شرکت کیلئے ٹکٹ بھی خریدا تھا ۔