پورٹ ایلزبتھ 23 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹسٹ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہوگیا ہے جبکہ آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں کامیابی کیلئے درکار 448 رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے چائے کے وقفہ کے بعد تک ایک وکٹ کے نقصان پر 145 رنز اسکور کرلئے تھے ۔ جنوبی افریقہ نے قبل ازیں اپنے ٹاپ آرڈر بلے باز ہاشم آملہ کی شاندار ناٹ آوٹ سنچری کی بدولت اپنی دوسری اننگز چار وکٹس کے نقصان پر 270 رنز بناکر ڈیکلر کردی تھی ۔
افریقہ کو آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 177 رنوں کی سبقت حاصل تھی ۔ افریقہ نے آج اپنے کل کے اسکور کے آگے کھیلنا شروع کیا اور ہاشم آملہ نے کل کی طرح شاندار بیٹنگ کرکے 127 ناٹ آوٹ رنز بنائے ۔ جاریہ سیریز میں آملہ پہلی مرتبہ فارم میں نظر آئے اور سیریز میں یہ ان کی پہلی سنچری رہی ۔ انہوں نے دوسری اننگز میں ابتداء ہی سے بہترین بیٹنگ کی اور آسٹریلیائی بولرس کا جم کر مقابلہ کرتے ہوئے رنز اسکور کئے ۔ انہوں نے 176 گیندوں کا سامنا کیا اور 16 چوکوں کی مدد سے 127 رنز اسکور کئے اور ناٹ آوٹ رہے ۔
کپتان اے بی ڈی ولئیرس 29 رنز بناکر آوٹ ہوئے تھے ۔ جانسن کی گیند پر ہاڈن نے ان کا کیچ لیا تھا جبکہ ڈی کاک 34 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے ۔ لیان کی گیند پر کلارک نے ان کا کیچ لیا تھا ۔ آج اننگز کے ڈیکلر کئے جانے سے قبل جے پی ڈومینی نے 18 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 18 رنز اسکور کئے اور وہ بھی ہاشم آملہ کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے ۔ آسٹریلیا نے 448 رنوں کے نشانہ کا تعاقب کرتے ہوئے آخری اطلاعات ملنے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 145 رنز اسکور کرلئے تھے ۔ اوپنر کرس روجرس 72 رن بناکر اور تیسرے نمبر کے ڈولن 2 رن بناکر کھیل رہے تھے ۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر 66 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ ڈومینی نے انہیں آوٹ کیا ۔ آسٹریلیا کو کامیابی کیلئے ہنوز 303 رنز درکار ہیں اور اس کے نو وکٹس باقی ہیں۔
عباس یونین چیلنج کپ فٹبال ٹورنمنٹ کا انعقاد
حیدرآباد 23 فبروری ( راست ) سالبق گول کیپر عباس یونین سید حسن عباس ہاشم عابدی کے بموجب 22 اور 23 فبروری کی رات میدان غدیر دارالشفا پر عباس یونین چیلنج کپ فٹبال ٹورنمنٹ منعقد ہوا ۔ ٹورنمنٹ کے کنوینر سید اکبر عابدی و علمدر رضا و میر محسن علی خاں میثم تھے ۔