اندرون چند گھنٹے قتل کی دوسری واردات ، ناجائز تعلقات کا شاخسانہ
حیدرآباد ۔ /29 نومبر (سیاست نیوز) شہر میں آئے دن قتل کی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور بہیمانہ طور پر قتل کی وارداتیں انجام دی جارہی ہیں ۔ کل رات علاقہ نیا پل میں ایک آٹو ڈرائیور کا برسرعام پولیس کی موجودگی میں قتل کرنے کے واقعہ کے اندرون چند گھنٹے علاقے میرپیٹ میں ایک رئیل اسٹیٹ تاجر کا قتل کردیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب 45 سالہ سرینواس گوڑ ساکن میرپیٹ جس کا تعلق ضلع ناگرکرنول کلواکرتی منڈل سے ہے وہ کل رات اپنی موٹر سائیکل پر مکان واپس لوٹ رہا تھا کہ مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار ٹاٹا انڈیکا کار نے اسے ٹکر دیدی ۔ سرینواس گوڑ ٹکر کے بعد نیچے گرپڑا اور کار میں سوار نامعلوم افراد نے پہلے بحث و تکرار کی اور بعد ازاں کلہاڑیوں سے مسلسل وار کیا جس کے نتیجہ میں وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ سرینواس گوڑ کی زخمی نعش کو دیکھ کر علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس کو اطلاع ملنے پر ڈاگ اسکواڈ اور کلوز ٹیم پہونچ گئی ۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ سرینواس گوڑ کے ایک خاتون سے مبینہ ناجائز تعلقات تھے اور اس مسئلہ پر مقتول کے گھر میں بھی تنازعہ چل رہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ قتل میں 11 افراد ملوث ہوسکتے ہیں اور اس کیس کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔