کرائسٹ چرچ۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )ہندستانی نوجوان بیٹسمین شبھم گل انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنی غیر معمولی کارکردگی کی بدولت راتوں رات اسٹار بن گئے ہیں لیکن پاکستان کے خلاف ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں اپنی ناقابل شکست سنچری کو وہ کیریئر کی بڑی تبدیلی مانتے ہیں۔ہندستان نے انڈر19 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کو203 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے کر خطابی مقابلے میں داخلہ حاصل کر لیا جہاں اس کے سامنے آسٹریلیا کا چیلنج ہوگا۔اس میچ میں شبھم نے ناٹ آؤٹ 102 رنز کی سنچری بنائی اور مین آف دی میچ بھی بنے ۔روایتی حریف ٹیم کے خلاف ہیرو رہے شبھم نے کہا کہ میرے حساب سے یہ اننگز اب تک کے کیریئر کی سب سے بڑی اننگز ہے ۔میں پاکستان جیسی حریف ٹیم کے خلاف یہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے خوش ہوں اور یہ میرے لئے بہت اہم بھی ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ مجھے لگا کہ 250۔260 کا اسکور ہمارے لئے کافی ہوگا جس کا فاسٹ بولرس دفاع کر سکتے ہیں۔آج کل کرکٹ کے کھیل میں خود کو حالات کے مطابق ڈھال لینا اہم ہو گیا ہے ۔میں اپنی ٹیم کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں کھیلنا چاہتا ہوں لیکن فی الحال میری توجہ آسٹریلیا کے خلاف فائنل پر ہے ۔نوجوان ٹیم کی کامیاب قیادت کر نے والے کپتان پرتھوی شا ہ نے بھی کھلاڑیوں کی آل راؤنڈ کارکردگی پر خوشی ظاہر کی۔انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ۔ہم نے بہت اچھا کھیلا۔ہماری منصوبہ بندی عام تھی کہ گیند کو دیکھو اور ہٹ کرو اس پر باؤنڈری لگاؤ۔پرتھوی نے کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ سے ہمیں بہت تجربہ ملا ہے کیونکہ ہم ان کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلتے ہیں جو ہندستان کے لئے کھیلتے ہیں یا کھیل چکے ہیں۔یہ بہت اچھا تجربہ ہے اور ہمیں اس کا فائدہ مل رہا ہے ۔آسٹریلیا کے خلاف 3 فروری کو ماؤنٹ مانگني میں ہونے والے خطابی مقابلے کے متعلق ہندستانی کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلنا مشکل ہوگا لیکن دیکھتے ہیں کہ اس وقت کیا ہوگا۔