میرے پاس چھکے مارنے کا لائسنس موجود : آفریدی

میرپور۔5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خاں آفریدی نے ایشیا کپ کے ایک اہم مقابلے میں 25 گیندوں پر 59 رنز بنا کر پاکستان کو ایک مشکل مقابلے میں کامیابی دلوائی اور مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا جس کو حاصل کرنے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے پاس لائسنس تھا اور میں نے بس اونچے شاٹس کھیلے ۔ آفریدی نے مزید کہا کہ مجھے کوچنگ سے زیادہ اعتماد کی ضرورت ہے۔ ہندوستان سے جیتنے کے بعد کپتان کو مجھ پر بھروسہ تھا۔ میچ کی صورتحال میرے مزاج کے مطابق تھی۔ آفریدی نے کہا کہ وہ کوشش کر سکتے ہیں اور وہی انھوں نے کی۔بنگلہ دیش کے خلاف میچ کی جو صورتحال تھی ، وہ میرے بیٹنگ مزاج کے مطابق تھی اور کپتان نے مجھ کھل کر کھیلنے کی پوری اجازت دے رکھی تھی جس کا میں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم متحد ہے اور جیت کے جذبے سے سرشار ہے ۔ اس کا تمام تر سہرا کپتان اور پوری ٹیم انتظامیہ اور سب سے بڑھ کر کھلاڑیوں کو جاتا ہے ،ہر کھلاڑی جیت میں اپنا کردار ادا کررہا ہے۔پاکستان نے ونڈے تاریخ کا سب سے بڑے نشانہ کا کامیاب تعاقب کیا ہے ۔

نیشنل سائیکلنگ اکیڈیمی کا افتتاح
نئی دہلی۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)وزیر اسپورٹس جیتندرا سنگھ نے آج یہاں اندرا گاندھی اسپورٹس کامپلیکس میں نیشنل سائیکلنگ اکیڈیمی کا افتتاح کرنے کے علاوہ تین مختلف اسٹیڈیمس میں سوئمنگ پولس کی تعمیر کے پراجیکٹ کا بھی افتتاح کیا ہے۔ 907.50 لاکھ روپئے مالیت سے مکمل کئے جانے والے پراجیکٹ کے تحت جواہر لال نہرو اسٹیڈیم، اندرا گاندھی اسپورٹس کامپلیکس، ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں سوئمنگ پولس تعمیر کئے جائیں گے۔ اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کی نیشنل سائیکلنگ اکیڈیمی کو حکومت اور منسٹری آف یوتھ افیرس اینڈ اسپورٹس کے مالیاتی تعاون کے ذریعہ مکمل کیا گیا ہے۔