شاہراہوں ، جہاز رانی ، بندرگاہ اور آبی گزرگاہوں کے شعبوں میں روزگار فراہم کیاگیا
نئی دہلی ۔3 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آج ادعا کیا کہ اُن کے تحت آنے والے محکمہ جات میں 2014 ء میں این ڈی اے حکومت برسراقتدار آنے کے بعد سے ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا ہے ۔ اگرچہ اپوزیشن پارٹیاں پیداوارِ روزگار کے مسئلہ پر مرکزی حکومت کو سخت نکتہ چینی کا نشانہ بنانے کی کوشش کررہی ہیں لیکن گڈکری نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے جو دعوے کئے ہیں وہ صحیح ہے کیونکہ اُن کی حکومت نے لاکھوں نوکریاں تشکیل دی ہیں ۔ گڈکری نے کہاکہ جو کچھ وزیراعظم نے کہا ہے قطعی درست ہے ۔ ہماری حکومت کو اقتدار ملنے کے بعد ہمارے وزیراعظم کی قیادت میں میرے محکموں نے 10 لاکھ کروڑ مالیت کے پراجکٹس عطا کئے ہیںاور میرے پاس یہ ثابت کرنے کیلئے اعداد و شمار دستیاب ہیں ۔ یہ روزگار شاہراہیں ، جہاز رانی ، بندرگاہ ، درون ملک آبی گزرگاہیں ، آبی وسائل جیسے شعبوں میں پیدا ہوا ہے ۔ یہ محکمے راست یا بالواسطہ روزگار بڑے پیمانے پر پیدا کرتے ہیں ۔ میرے محکموں میں ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دیا جاچکا ہے ۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ پیداوارِ روزگار کی شرح گزشتہ چار سال میں بڑھی ہے ، جہاں کہیں ایک ہزار کروڑ روپئے کا سرمایہ ہے پچاس ہزار تا ایک لاکھ نوکریاں راست طورپر یا بالواسطہ پیدا ہوجاتی ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر میں استعمال ہونے والے ساز و سامان کی تیاری دوگنی ہوگئی ہے اور سمنٹ انڈسٹری میں بھی فروغ ہورہا ہے ۔ لہذا ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ ان محکمہ جات سے متعلق صنعتیں فروغ پائی ہیں ، کئی افراد کو انجینئرس ، لیبر ، ٹرک ڈرائیور کے طورپر روزگار دیا جاچکا ہے ۔
ایم ایل اے ہاسٹل میں ایک شخص مردہ پایا گیا
ناگپور ۔3 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ایک پچاس سالہ شخص شہر کے ایم ایل اے ہاسٹل میں ایک کمرے میں آج صبح مردہ پایا گیا جبکہ یہاں مہاراشٹرا مقننہ کا مانسون سیشن کل شروع ہونے والا ہے ۔ سیتا بلدھی پولیس اسٹیشن کے انچارج ایچ کے کھرابے نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ شخص جس کی شناخت ونود اگروال کی حیثیت سے ہوئی ، راجستھان میں کوٹا کا متوطن تھا ۔ وہ کل شب قلب پر حملے کے بعد فوت ہوگیا ۔ وہ شیوسینا ایم ایل اے رمیش لاٹکے کے پی اے سندیپ ودھالے کا دوست تھا ۔