کولکتہ ۔ 9 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مورنی مورکل کے کفایتی اسپیل نے بھلے ہی اُنھیں مین آف دی میچ ایوارڈ جتوادیا لیکن کپتان گوتم گمبھیر کی نظر میں سوریہ کمار یادو کل شب آئی پی ایل ۔ 8 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنمنٹ کے یہاں منعقدہ ممبئی انڈینس کے مقابل افتتاحی مقابلے میں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کی معیاری سات وکٹ کی جیت میں میچ کا منظر تبدیل کرنے والا کھلاڑی رہا۔گمبھیر نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ بلاشبہ سوریہ میری نظر میں میچ کے ہیرو ثابت ہوئے اور انھوں نے ہی کھیل کا رُخ بدلا ۔ وہ ایسے کھلاڑی بن کر اُبھرے جن پر مستقبل میں انحصار کیا جاسکتا ہے ۔ وائس کیپٹن سوریہ یادو نے اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھاتے ہوئے 46 ناٹ آؤٹ محض 20 گیندوں میں پانچ چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے بنائے ۔ گمبھیر نے بتایا کہ انھوں نے اینکر روی شاستری سے گفتگو میں بھی سوریہ کی ستائش میں اپنے خیالات سے واقف کرایا۔