نئی دہلی۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے سینئر لیڈر یشونت سنہا نے کل گوا میں کئے گئے ریمارکس کے جواب میں کہا کہ میرے ریمارکس کا یکسر غلط مطلب اخذ کیا گیا۔ انہوں نے ایک کانفرنس میں جو تبصرہ کیا تھا، اس میں انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کا نام لئے بغیر بات کی تھی۔ کل ایک پیانل مباحث میں حصہ لیتے ہوئے یشونت سنہا نے کہا تھا کہ حکومت کی کارکردگی صفر ہے۔ جب حکمران پارٹی کے لوگ آئندہ انتخابات میں عوام سے رجوع ہوں گے تو عوام انہیں سبق سکھائیں گے۔ ہندوستانی عوام حکمرانی کو دھول چٹائیں گے۔ آپ کو صرف آئندہ انتخابات تک انتظار کرنا ہوگا۔ یشونت سنہا نے آج اپنے اس بیان کی حمایت میں کہا کہ میں نے مودی کا کوئی حوالہ نہیں دیا تھا۔ اس بیان کی سراسر غلط تشریح کی گئی جس کسی نے بھی اس کی رپورٹنگ کی ہے، وہ غلط طریقہ سے کی ہے۔ اٹل بہاری واجپائی حکومت میں وزیر رہنے والے یشونت سنہا نے کہا کہ اب حکومت کو ہندوستانی عوام کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔