میرے اعتماد میں اضافہ ہوا:اناڈکٹ

ممبئی۔25 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے خلاف مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز کے اعزاز حاصل کرنے والے ہندوستان فاسٹ بولر جے دیو انادکٹ نے کہا ہے کہ اس سطح پر ان کی اچھی کارکردگی سے بین الاقوامی سطح کی کرکٹ میں ان کی خود اعتمادی میں اضافہ ہوا ہے اور وہ آگے بھی اس کے لئے تیار ہیں۔سوراشٹر کے نوجوان بولر انادکٹ نے سری لنکا کے خلاف تیسرے اورآخری ٹونٹی 20 میچ میں 3.75 کی اوسط سے15 رنز پر دو وکٹ حاصل کئے ۔ سری لنکا کے خلاف ٹونٹی20 سیریز میں تین میچوں میں انہوں نے4.88 کی اوسط سے چار وکٹ لیے اور مین آف دی سیریز بھی قرار دیئے گئے ۔حالانکہ اسپنر یجویندر چہل اس سیریز میں آٹھ وکٹ کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر رہے ۔وانکھیڑے اسٹیڈیم میں پانچ وکٹ سے آخری میچ جیت کر ہندوستان نے سیریز 3۔0 سے اپنے نام کی۔ میچ کے بعد انادکٹ نے کہا کہ اس سیریز نے بین الاقوامی کرکٹ میں مجھے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لئے کافی خود اعتمادی عطا کی ہے ۔