نئی دہلی۔20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) اولمپک میڈلسٹ اسٹار مکے باز ایم سی میری کوم نے ایبا عالمی خواتین باکسنگ چمپئن شپ میں اپنے45-48 کلوگرام زمرے کے سیمی فائنل میں پہنچ کر ہندستان کے لئے پہلامیڈل پکا کر دیا۔35 سالہ خاتون مکے باز نے کوارٹر فائنل مقابلے میں چین کی وو یو کو 5-0 سے شکست کے ساتھ سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ میری کوم نے اپنا مقابلہ 30-27، 29-28، 30-27، 29-28، 30-27 سے جیت لیا۔ انہوں نے اسی کے ساتھ اپنا ساتواں عالمی چمپئن شپ میڈل پکا کر لیا جس سے وہ اس ٹورنمنٹ کی سب سے زیادہ کامیاب مکے باز بن گئی ہیں۔ میری کوم پانچ مرتبہ عالمی چمپئن شپ میں گولڈ میڈل فاتح رہی ہیں۔ انہوں نے سال 2002 انا طالیہ ،2005 پوڈولسک،2006 نئی دہلی، 2008 نگبو سٹی،2010 برج ٹاؤن میں خطاب جیتے تھے جبکہ 2001 کے اسکراٹن میں پہلے ورژن میں سلورمیڈل جیتا تھا۔ اگرچہ اولمپک میڈل فاتح سال2010 کے بعد ایبا چمپئن شپ میں پہلے خطاب کی تلاش میں ہیں۔منی پوری مکے باز اگر اس بار بھی گولڈ تک پہنچتی ہیں توآئرلینڈ کی کیٹی ٹیلرکے پانچ عالمی خطاب کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیں گی۔ وہ اپنے ریکارڈ چھٹے گولڈمیڈل سے دو قدم دور ہیں اور سیمی فائنل مقابلے میں شمالی کوریا کی کم ہیاگ کے چیلنج کا سامنا کرنے اتریں گی۔ ہیاگ نے اپنے کوارٹر فائنل میچ میں کوریا کی باک چوروگ کو شکست دی تھی۔54 کلوگرام بینٹم ویٹ کلاس میں اگرچہ ہندستانی میڈل امید منیشا کو کوارٹر فائنل مقابلے میں اسٹوکا پیترووا کے خلاف 1-4 سے شکست کھانی پڑ گئی۔