دادری میں گوشت کھانے کی افواہ پھیلانے میں سیاسی طاقتیں ملوث
لکھنو ۔ 6 اکٹوبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) دادری میں گوشت کھانے کی افواہ پھیلاکر ایک مسلم شخص کا قتل کردیئے جانے کے بعد پیدا ہونے الی فرقہ وارانہ کشیدہ صورتحال پر چیف منسٹر اترپردیش اکھلیش یادو نے آج الزام عائد کیا کہ بعض سیاسی طاقتیں ان کی حکومت کو بدنام کرنے کی سازش کررہی ہیں ۔ فرقہ وارانہ خطوط پر فسادات پھیلاکر ریاست میں ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔ میڈیم ، اسمال اینڈ مائیکرو انٹرپرائزس کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ بعض طاقتیں فرقہ پرستی پھیلاکر ماحول کو کشیدہ بنانے کی سازش کررہی ہیں ہم کو چوکس رہنا چاہئے ۔ آج جب ساری دنیا ترقی کی راہ پر گامزن ہے بعض طاقتیں فرقہ پرستانہ خطوط پر کام کررہی ہیں۔ فرقہ پرستی کی سیاست کے ذریعہ ملک میں بدامنی پھیلانی چاہتی ہیں ، ریاست کو تاریکی کی نذر کررہی ہیں۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ یہ سیاسی طاقتیں ان کی حکومت کو بدنام کررہی ہیں۔ یہ لوگ ایسے مسائل اُٹھاکر بحث کررہے ہیں کہ حکومت امن کی برقراری میں ناکام ہے ۔ سماج کے تمام شعبوں کو اس بحث میں گھسیٹا جارہاہے ۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ایسی طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ریاست کو ترقی کی راہ پر لے جایا جاسکے ۔ ریاست کے عوام برسوں سے بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ساتھ رہتے آئے ہیں ۔ اکھلیش نے اظہار اعتماد کیا کہ ریاست کے امن پسند عوام ایسی سازشی طاقتوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے ۔