نئی دہلی۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج کہا کہ ان کی حکمرانی عوام پر مرکوز ہے اور اس اعتبار سے وزیراعظم نریندر مودی کی حکمرانی کے نمونہ سے بہتر ہے جو کجریوال کے الزام کے بموجب ملک کے مٹھی بھر مالدار افراد پر مرکوز ہے۔ انہوں نے پرزور انداز میں کہا کہ عام آدمی پارٹی کی خانہ جنگی پر نہیں، بلکہ اس کے اندازِ حکمرانی پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی جنگ دفتر شاہوں کے خلاف ہے اور وہ بڑے پیمانے پر نظام میں تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں۔ وہ ان تمام اختلافات سے بالاتر ہیں اور حکمرانی پر توجہ مرکوز کررہے ہیں۔
شوبھا ڈے کو اِظہار ِخیال کی آزادی : عام آدمی پارٹی
ممبئی۔ 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت ِ مہاراشٹرا کی جانب سے ملٹی پلیکسیس میں پرہجوم اوقات میں مراٹھی فلمیں دکھانے کی پابندی کے خلاف شوبھا ڈے کے بیان پر تنازعہ کے دوران عام آدمی پارٹی ، نامور کالم نگار شوبھا کی تائید میں آگے آگئی اور شیوسینا پر اس کی تجویز کیلئے تنقید کی۔ عام آدمی پارٹی کی قومی ترجمان پریتی شرما مینن نے کہا کہ شوبھا ڈے کو اپنا خیال ظاہر کرنے کی آزادی ہے۔ اظہار خیال کی آزادی کے خلاف شیوسینا کا احتجاج اس کی ذہنیت ظاہر کرتا ہے۔ شوبھا ڈے کے ٹوئٹر پیغام کے خلاف شیوسینا نے ان پر سخت تنقید کی ہے۔