میرپیٹ میں موٹر کار میں آتشزدگی،کمسن فوت، دوسرابھائی شدید زخمی، ہولناک واقعہ سے علاقہ میں سنسنی

حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ میرپیٹ میں انتہائی افسوسناک و دہشت ناک واقعہ پیش آیا جہاں کار میں اچانک لگی آگ سے ایک کمسن ہلاک اور اس کا بڑا بھائی شدید زخمی ہوگیا۔ انسپکٹر میر پیٹ مسٹر وینکٹ ریڈی کے مطابق میرپیٹ کے علاقہ گائتری نگر میں آج صبح یہ ہولناک واقعہ پیش آیا جس میں 8 سالہ سرین ریڈی ہلاک اور اس کا بڑا بھائی سرجن ریڈی 16 سالہ شدید زخمی ہوگیا۔ دونوں لڑکے ضلع محبوب نگر سے وابستہ ایک گاؤں کے سابق سرپنچ سریش ریڈی کے بیٹے تھے۔ سریش ریڈی محبوب نگر میں رہتا ہے۔ اپنے بچوں کی تعلیم کیلئے اس نے بچوں کو میر پیٹ علاقہ کو منتقل کیا۔ آج صبح یہ دو بھائی اپنے مکان کے سامنے موجود زین کار میں بیٹھے تھے اور کھیل میں مصروف تھے۔ کار میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔ اس دوران آگ نے دونوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گھر والے اور مقامی عوام فوری چوکس ہوگئے اور آگ پر قابو پاتے ہوئے دونوں کو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں علاج کے دوران کمسن سرین ریڈی فوت ہوگیا۔ جبکہ اس کا بھائی سرجن ریڈی زیرعلاج ہے۔ پولیس میرپیٹ نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔