میرپور میں آج بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان مقابلہ دونوں ٹیموں کے بیٹسمین کمزور

میرپور۔27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان میر پور میں کل اتوار کو ہونے والا ورلڈ ایشیا کپ ٹی 20 میچ دراصل بولنگ حملوں کی جنگ ثابت ہوگا۔ ملنگا بمقابلہ مستفیض دلچسپ میچ ان دونوں ٹیموں کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو ٹورنمنٹ کی چوٹی تک رسائی کیلئے کوالیفائی ہونے میں اہم چھلانگ ثابت ہوسکتی ہیں۔ اس میچ میں بنگلہ دیش کو کامیابی حاصل کرنا لازمی ہوگا کیونکہ راؤنڈ رابن لیگ کیلئے بنگلہ دیش پہلے ہی دو میچ کھیل چکی ہے۔ ایک میچ میں اس کو ہندوستان کے ہاتھوں شکست ہوگئی تھی۔ سری لنکا کو کامیابی کیلئے زیادہ مشقت کی ضرورت نہیں ہوگی۔ یہ دونوں ہی ٹیمیں متحدہ عرب امارات کی نوزائدہ اور کمزور ٹیم کو شکست دے چکی ہیں۔ اس ٹیم کو 14 رنز سے شکست دینے والی سری لنکا کی ٹیم سے بنگلہ دیشی ٹیم کا ریکارڈ زیادہ بہتر ہے جس نے امارات کو 51 رنز سے شکست دی تھی۔ بیٹنگ کے معاملے میں بنگلہ دیش اور سری لنکا دونوں کا ریکارڈ یکساں طور پر ناقص ہے۔ متحدہ عرب امارات کی ناتجربہ کار ٹیم کے خلاف سری لنکا کی ٹیم صرف 129 رنز بناسکی تھی اور بنگلہ دیش بھی گزشتہ روز زیادہ بہتر مظاہرہ نہیں کرسکی اور وہ صرف 133 رنز بناسکی چنانچہ کل ہونے والا یہ میچ بیٹنگ کے بجائے بولنگ کی لڑائی ہوگا۔ سری لنکا میں بولنگ کی قیادت اس کے ماہر کپتان لست ملنگا کریں گے۔ بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمن نے ہندوستان کے خلاف کھیل میں حصہ نہیں لیا لیکن گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے خلاف انہوں نے بہترین مظاہرہ کیا تھا جس کا اعتراف امارات کے کپتان جاوید احمد نے کیا اور کہا کہ مستفیض کی آہستہ گیندوں کو سمجھنا آسان نہیں ہے، لہٰذا یہ دراصل ملنگا اور مستفیض کے درمیان بولنگ حملوں کی لڑائی رہے گی۔