میرا کمار اپنے حلقہ میں مصروف، دہلی میں ووٹ نہ دے سکیں

سسرام (بہار) ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا اسپیکر میرا کمار دہلی میں اپنے حق رائے دہی کے استعمال سے محروم رہ گئیں کیونکہ وہ سسرام حلقہ انتخاب میں مصروف ہیں، جہاںآج رائے دہی ہورہی ہے۔ یاد رہیکہ میرا کمار دہلی کی نیوفرینڈس کالونی کی ساکن ہیں اور دہلی میں بحیثیت ایک ووٹر رجسٹرڈ ہیں۔ اب جبکہ وہ سسرام میں کانگریسی امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں ہیں اور دہلی آنے کے موقف میں نہیں ہیں۔ ان کے انتخابی دفتر موقوعہ موہنیا میں موجود ذرائع نے یہ بات بتائی۔

69 سالہ میرا کمار جو سابق میں ایک سفارتی عہدیدار بھی رہ چکی ہیں، فی الحال اپنے حلقہ انتخاب میں بہت زیادہ مصروف ہیں جہاں وہ دورہ کرتے ہوئے یہ مشاہدہ کررہی ہیں کہ آیا کہیں کسی پولنگ بوتھ میں انتخابی زیادتی یا بوگس ووٹنگ تو نہیں کی جارہی؟ میرا کمار لوک سبھا کیلئے تیسری بار انتخابی میدان میں ہیں۔ انہیں فی الحال سہ رخی مقابلہ درپیش ہے جہاں ان کے دیگر دو حریفوں کا تعلق جے ڈی (یو) اور بی جے پی سے ہے۔ بی جے پی سے چھیدی پاسوان اور جے ڈی (یو) سے آئی اے ایس سے سیاستداں بنے کے پی رامیا انتخابی میدان میں ہیں۔