میرا کام ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنا تھا : راہول

دبئی ۔یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) انتظامیہ کی جانب سے لوکیش راہول کو ممبئی انڈینس کے خلاف گذشتہ روز نمبر تین پر بیٹنگ کیلئے ترقی دی گئی جہاں انہوں نے 40گیندو میں 40رنز اسکور کرنے کے علاوہ ڈیوڈ وارنر(65) کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے 111رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ اپنی اس کارکردگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے سن رائیزرس حیدرآباد کے نوجوان بیٹسمین راہول نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ نے مجھ پر کافی اعتماد کا اظہار کیا اور مجھے ایک دن قبل ہی مطلع کردیا گیا تھا کہ ٹیم کے منصوبہ کے تحت مجھے نمبر تین پر بیٹنگ کرنا ہے اور تیزی کے ساتھ رنز اسکور کرنا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ نمبر تین پر بیٹنگ کرنے والے بیٹسمین پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسٹرائیک روٹیٹ کرنے کے علاوہ ٹیم کو ایک مضبوط اور مستحکم شروع فراہم کریں اور مجھے خوشی ہے کہ وارنر اور سیمی جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی کے باوجود مجھے نمبر تین پر بیٹنگ کیلئے ترقی دی گئی اور میں اس میں کامیاب بھی رہا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ چند مقابلوں میں بہ آسانی 20اور 30رنز اسکور کرنے کے باوجود میں اپنی وکٹ گنوا رہا تھا لیکن اس مرتبہ اس غلطی پر قابو پانے میں کامیاب ہوا ۔