میدک ۔ 20 ۔ اپریل : ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) : میدک ۔ اکنہ پیٹ ریلوے لائن کے کاموں کا آج ساوتھ سنٹرل ریلوے جنرل منیجر جگناتھ مالیا نے محکمہ ریلوے کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ اکنہ پیٹ ۔ میدک ریلوے کے تعمیری کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ میدک پہنچ کر تعمیر ہونے والے ریلوے اسٹیشن کا بھی تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے عہدیداروں کو ضروری ہدایتیں جاری کی ۔ واضح رہے کہ میدک ۔ اکنہ پیٹ ریلوے لائن کے تعمیری کام آخری مراحل میں ہیں اور ریلوے لائن کے پٹریوں کی تنصیب عمل میں لائی جارہی ہے ۔ انہوں نے میدک میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میدک ۔ اکنہ پیٹ ریلوے لائن کے کاموں کی تکمیل کے لیے مزید 3 تا 6 ماہ درکار ہے ۔ اس موقع پر میدک بلدیہ وائس چیرمین آر اشوک نے دیگر ارکان بلدیہ کے ہمراہ جی ایم ساوتھ سنٹرل ریلوے جگناتھ مالیا سے ملاقات کرتے ہوئے میدک میں ایک ریلوے ٹرمنل کی منظوری کے علاوہ اکنہ پیٹ ریلوے اسٹیشن پر اجنتا ایکسپریس کے ہالٹ کی منظوری کا بھی مطالبہ کیا جس پر ہمدردانہ غور کا تیقن دیا ۔۔