میدک کے کسانوں کو صرف تین گھنٹے برقی سربراہی

میدک /30 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی میدک کے تمام منڈلس میں زرعی مقاصد کیلئے صرف بہ مشکل تین گھنٹے برقی سربراہی عمل میں آرہی ہے ۔ کسان برادری کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں ۔ جبکہ ریاستی حکومت کے احکامات کے مطابق بلاوفقہ 7 گھنٹے برقی زرعی مقاصد کیلئے سربراہی کرنا چاہئے ۔ ٹرانسکو عہدیداروں کی لاپرواہی کی وجہ زراعت کو بڑا نقصان پیش آرہا ہے ۔ اس خصوص میں سابق رکن اسمبلی میدک و انچارج حلقہ مسٹر پی ششی دھر ریڈی کو کسانوں کے بیشمار فون کالس وصول ہو رہے ہیں ۔ جس پر انہوں نے دفتر کانگریس میدک راجیو بھون سے کانگریس کارکنوں کے ہمراہ دفتر ڈی ای ٹرانسکو پر کچھ دیر دھرنا دیا اور ڈی ای کے چیمبر میں گھس پڑے ۔ لیکن اس دوران ڈی ای غیر حاضر رہے ۔

یہاں موجود اسسٹنٹ ڈی ای مسٹر رامچندر نے کہا کہ میدک کے برقی سب اسٹیشنوں کو ہی برقی سربراہی برابر نہ ہونے کی وجہ زرعی شعبہ کو برقی سربراہی میں مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ جس پر ششی دھر ریڈی نے کہا کہ پڑوسی ضلع نظام آباد میں کس طرح 7 گھنٹے برقی سربراہی عمل میں آرہی ہے ۔ اس موقع پر مسٹر ریڈی کے ہمراہ چیرمین زرعی مارکیٹنگ کمیٹی مسٹر ٹی چندرا پال سابق صدور نشین اے ایم سی مسرز جی راجو ، مدھو سدن راؤ ، ایم اے خالد ، محمد شاکر ، ضلع کانگریس جوائنٹ سکریٹری میر اصغر علی ، صدر ٹاون کانگریس اقلیتی سیل میر برکت علی احسان ، سی ڈی سی ڈائرکٹر ایم انجینیلو بھی موجود تھے ۔