میدک کیلئے عنقریب ٹرین کی سہولت

ماہ اپریل میں ریل کا باضابطہ آغاز متوقع ، مرکزی وزیر کا انکشاف

میدک۔ 20 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک اکناپیٹ ریلوے لائن کے کام اندرون تین ماہ میں مکمل کرلئے جائیں گے۔ ماہ مارچ میں ان پٹریوں پر ٹرائیل ریل چلائی جائے گی۔ توقع ہے کہ ماہ اپریل میں اس کا باضابطہ آغاز ہوجائے گا۔ مرکزی وزیر ریلوے جناب پیوش گوئل کی خصوصی دلچسپی کی وجہ سے ان کاموں کی تکمیل ہوئی ہے۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل منیجر ونود کمار نے میدک کے صحافیوں کو روانہ کردہ ایک پریس نوٹ میں اس امر کا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 17 کیلومیٹر طویل ریلوے لائن کی تنصیب کے دوران 3 بڑے برج اور 35 (شہر) چھوٹے بریجس تعمیر کئے گئے ہیں۔ اسی طرح 17 کیلومیٹر کے درمیان لکشما پور، شمناپور اور میدک ٹاؤن کے ریلوے اسٹیشن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2012-13ء کے بجٹ میں اس ریلوے لائن کی تنصیب کیلئے 117.72 کروڑ کا تخمینی رپورٹ تیار کی گئی تھی جس میں ریاستی حکومت 50% اور مرکزی حکومت کی جانب سے 50% رقم کی اجرائی عمل میں آئی تھی، لیکن سال 2018-19ء کے بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے 169 کروڑ روپئے کیا گیا جس میں تاحال 122.27 کروڑ روپئے صرف ہوچکے ہیں۔