میدک کو آلودگی سے پاک بنانے کی مساعی

کچرے کی نکاسی کیلئے الیکٹرانک آٹوز کی منظوری : پدما دیویندر ریڈی

میدک ۔ /17 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی ڈپٹی اسپیکر ایم ایل اے میدک ایم پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ میدک میں مجلس بلدیہ کے دفتر کیلئے ایک علحدہ عالیشان عمارت کی تعمیر ہوگی ۔ انہوں نے میدک بلدیہ میں کچرے کی نکاسی اور منتقلی کیلئے 5 الیکٹرانک آٹوز کا افتتاح کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن کو پولیوشن سے پاک بنانے کی غرض سے 12.70 لاکھ کے مصارف سے الیکٹرانک آٹوز کی منظوری عمل میں آئی ہے ۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ ٹاون کی ترقی کے ساتھ عوامی صحت عامہ کو مدنظر رکھتے ہوئے نظام صفائی میں بہتری لانے کے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میدک ٹاون میں 2 کروڑ کے مصارف تعمیر کئے جانے والے شادی خانے کیلئے ڈرینس نظام کیلئے 50 لاکھ جاری کئے جارہے ہیں ۔ ٹاون کے بڑا بازار کی کشادگی کیلئے 5 کروڑ اور سائیڈ ڈرینس کی تعمیر کیلئے علحدہ طور پر ایک کروڑ جاری کئے گئے ہیں ۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ میدک کے پٹلم تالاب اور گوشندر تالاب کو منی ٹینک بنڈمیں تبدیلی کے کام جنگی خطوط پر جاری ہیں جس کے لئے 10 کروڑ جاری کئے گئے ہیں ۔ مزید 3 کروڑ کا تخمینہ رپورٹ بھی تیار کرکے حکومت کو روانہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن کی اہم شاہراہ کی ترقی کیلئے 58 کروڑ جاری کئے گئے ہیں ۔ اس موقع پر صدرنشین بلدیہ مسٹر ملکارجن گوڑ ، وائس چیرمین راگی اشوک ، کمشنر بلدیہ مسٹر سمیا ، بلدی کونسلرس وینکٹ رمنا ، چندرا کلا اور دیگر موجود تھے ۔