مسلم رائے دہندگان بھی حکمراں جماعت کے حق میں
نارائن کھیڑ /7 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی ٹی آر ایس اقلیتی قائد محمد عبد المعید خان نے نمائندہ سیاست نارائن کھیڑ عبد الرشید سلفی سے ذریعہ ٹیلیفون بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ حلقہ پارلیمان میدک کے ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کی کامیابی یقینی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حلقہ پارلیمان میدک کے ٹی آر ایس امیدوار کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے حلقہ اسمبلی نرساپور کے تحت واقع پانچ منڈلوں ہتنورا، کلچارم، کوڑی پلی، شیوم پیٹ اور نرساپور منڈلوں میں انتخابی مہم چلانے کی غرض سے وزیر جنگلات مسٹر جوگو رامنا کی زیر قیادت ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس میں ضلع پریشد چیرمین مرلیدھر راج منی، رکن اسمبلی نرسا پور مسٹر مدن ریڈی، اسٹیٹ ٹی آر ایس اقلیتی قائد مسٹد محمد معید خان کے علاوہ رکن پارلیمان عادل آباد مسٹر ناگیش، رکن اسمبلی نرمل مسٹر آئی کے ریڈی، رکن اسمبلی بودھ مسٹر راٹھور بابو راؤ، رکن اسمبلی خانہ پور مسٹر ریکھا نائک، رکن اسمبلی سرپور مسٹر کونیرو کونپا، رکن اسمبلی چنور مسٹر ودیلو اور دیگر ٹی آر ایس قائدین شامل ہیں، جو گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے فرداً فرداً ملاقات کرتے ہوئے اپنا قیمتی ووٹ ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کے حق میں استعمال کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ مذکورہ قائدین نے ٹی آر ایس سربراہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے ریاست تلنگانہ کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق پروگرامس اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں سے عوام کو واقف کراتے ہوئے ٹی آر ایس کے حق میں اپنا قیمتی ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔