میدک۔یکم مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یکم مئی سے میدک ٹاؤن میں ایک دن کے وقفہ سے پانی کی سربراہی عمل میں آرہی ہے ۔ میدک ٹاؤن کو سربراہ کی جانے والی ایلامڑگو واٹر ویلس میں پانی کی سطح میں زبردست کمی پائی جانے کی وجہ سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے ۔ صدرنشین بلدیہ میدک مسٹر اے ملکارجن گوڑ نے 30اپریل کو منعقدہ بلدیہ میدک کی گورننگ باڈی اجلاس میں بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا ۔ صدرنشین ملک نے بتایا کہ موسم گرما میں قلت آب سے نمٹنے شہریوں کو معقول پانی کی سربراہی کیلئے ریاستی حکومت 20لاکھ روپئے جاری کی ہے ‘ جس سے ہینڈ بورویلس کی مرمت‘ ٹینکروں کے ذریعہ پانی کی سربراہی اور موٹروں کی مرمت کے کام انجام دیئے جارہے ہیں ۔ کونسلر انیل کمار نے کہا کہ ٹاؤن کے بڑے بازار کے علاقے میں غیر مجاز طور پر فنکشن ہال کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے ۔ چیرمین ملک نے جواب میں کہا کہ بڑے بازار میں تعمیر کئے جانے والی فنکشن ہال کو مکمل طور پر اجازت دی گئی ہے ۔ کونسلر مدھو سدن راؤ نے کہا کہ ٹاؤن کی اہم شاہراہ چیگنٹہ کراسنگ سے بودھن ایکس وے تک سڑک کی کشادگی عمل میں لانے کیلئے بلدی کونسلرس کی کمیٹی قائم کی جائے ۔ صدرنشین بلدیہ نے مسٹر گوڑ نے کہا کہ ٹاؤن میں ایک علحدہ مارکٹ کی تعمیر کے علاوہ ایک شمشان گھاٹ اور آڈیٹوریم کی تعمیر عمل میں لانے کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رام داس ایکس وے اور اولڈ بس اسٹیشن سے متصل محکمہ بلدیہ کی جانب سے شاپس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔ قبل ازیں اجلاس میں نیپال کھٹمنڈو میں پیش آئے زلزلہ میں جانی نقصانات پر کونسل کی جانب سے غم کا اظہار کرتے ہوئے دو منٹ کی خاموشی منائی گئی ۔ اس اجلاس میں کمشنر بلدیہ مسٹر وینکٹیشم ‘ ڈپٹی ای ای رامیشور راؤ ‘ اسسٹنٹ انجنیئر چرنجیوی ‘ ریونیو انسپکٹر بلدیہ مسٹر محمد معز الدین ‘ وائس چیرمین بلدیہ مسٹر راگی اشوک ‘ بلدی کونسلرس ‘ بٹی سلوچنا ‘ اے چندرا کلا ‘ جلہ گائتری ‘ آر دیواکر ‘ ارکان معاون ایم گنگا دھر ‘ سید صادق ‘اسماء منیر ‘کونسلرس خواجہ سہیل محی الدین ‘اے نرسملو بھی موجود تھے ۔