میدک میں 1,05,793 افراد کو وظائف جاری

میدک 28 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک ٹاؤن میں جمہوریہ تقاریب روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ منعقد ہونے والی اس تقریب میں بڑی خصوصیت بھی دیکھی گئی۔ آر ڈی او میدک مسٹر ایم ناگیش نے اپنے دفتر میں رسم پرچم کشائی انجام دی۔ بعدازاں ہمیشہ کی طرح گورنمنٹ بوائز جونیر کالج گراؤنڈ پر منعقدہ یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب میں بھی شرکت کرتے ہوئے قومی پرچم لہرایا۔ مسٹر ناگیش نے کہاکہ ڈیویژن میں آسرا اسکیم کے تحت 1,05,793 مستحقین میں مختلف وظائف جاری کئے جارہے ہیں۔ فوڈ سکیوریٹی کارڈس کی اجرائی کے سلسلہ میں اُنھوں نے بتایا کہ ڈیویژن کے منڈلوں میں اب تک 2,75,970 کارڈس کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت کے مشن کاکتیہ پروگرام کے تحت ڈیویژن کے تالابوں میں صفائی و ترقی دی جارہی ہے۔ اس تقریب میں ڈی ایس پی میدک مسٹر راجہ رتنم ڈپٹی ڈی ای او میدک شریمتی شوبھا رانی، تحصیلدار میدک وجئے لکشمی کے علاوہ دیگر سرکاری عہدیدار بھی موجود تھے۔ آر ڈی او میدک نے قومی پرچم لہرانے کے بعد اسکولی بچوں کی سلامی لی اور سرکاری و غیر سرکاری مدارس کے طلبہ نے کلچرل پروگرامس پیش کئے۔ علاوہ ازیں ٹاؤن کے مختلف سرکاری دفاتر، سیاسی پارٹیوں کے دفتروں میں بھی یوم جمہوریہ کا پرچم لہرایا گیا۔ اُردو ماڈل اسکول پر صدر کمیٹی جناب محمد جعفر مدرسہ مدینۃ العلوم پر ناظم مولانا محمد جاوید علی حسامی، دفتر ٹی آر ایس ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی پدما دیویندر ریڈی، جناب ایم دیویندر ریڈی ایڈوکیٹ، مدرسہ منہاج العلوم پر مفتی خواجہ شریف نے پرچم کشائی انجام دی۔