میدک میں کانگریس کا ٹی آر ایس سے اصل مقابلہ

میدک5 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محترمہ وجئے شانتی کو دوبارہ حلقہ لوک سبھا میدک اور سابق رکن اسمبلی مسٹر جی ششی دھر ریڈی کو اسمبلی ٹکٹ دینے کا کانگریس ہائی کمان سے اقلیتی لیڈر برکت علی احسان نے مطالبہ کیا ۔ کرسٹل گارڈن میدک میں نمائندہ سیاست میدک مسٹر محمد فاروق حسین سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا میدک سے موجودہ ایم پی وجئے شانتی اور اسمبلی میدک کیلئے مسٹر ششی دھر ریڈی موزوں و کامیاب امیدوار ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا میدک ہو کہ اسمبلی میدک کانگریس کا اصل مقابلہ ٹی آر ایس سے ہوگا ۔ لہذا ان حلقوں پر کانگریس کا قبضہ جمانے کیلئے وجئے شانتی اور ششی دھر ریڈی ہی سخت امیدوار ثابت ہوں گے ۔ ٹی آر ایس کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ مسٹر احسان نے کہا کہ جس طرح شانتی نے میدک لوک سبھا میں اپنی میعاد میں کامیابی کے نفوس چھوڑے ہیں ٹھیک اسی طرح مسٹر ششی دھر ریڈی نے اپنی سابق میعاد 2004-09 میں میدک کی ترقی کیلئے ٹھوس خدمات انجام دیئے ہیں لیکن بد قسمتی سے 2009-14 کی معیاد میں ضلع تلگو دیشم کے فیصلہ میں چلا گیا جس کی وجہ سے یہںا ترقیاتی کام ٹھیک ہوکر رہ گئے ہیں۔ مسٹر برکت علی احسان نے کانگریس ہائی کمان کو اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر کانگریسی قائد مسٹر حمایت ذوالفقار بھی موجود تھے ۔