میدک میں ٹی آر ایس کو ویلفیر پارٹی کی تائید و حمایت

سنگاریڈی /7 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ پارلیمان میدک کے ضمنی انتخابات میں ویلفیر پارٹی آف انڈیا نے ٹی آر ایس پارٹی کی بھرپور تائید کا اعلان کرتے ہوے مسٹر ایم جی انور صدر ڈبلیو پی آئی ضلع میدک نے کہا کہ اس مرتبہ مجوزہ ضمنی انتخابات میںپارٹی نے اپنا امیدوار نہ کھڑا کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس پارٹی امیدوار حلقہ پارلیمان میدک مسٹر کے پربھاکر ریڈی کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ مقابلہ سہ رخی ہے ۔ کانگریس نے انتخابات سے عین قبل اعلانات و تیقنات کا بازار گرم کر رکھا ہے جس سے عوام میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ دوسری طرف بی جے پی اور ٹی ڈی پی کے تائیدی امیدوار ٹی جئے پرکاش ریڈی ہے جن کی موقع پرستی کی سیاست سے ہر کوئی واقف ہے ۔ ایسے میں حلقہ پارلیمان میدک کے رائے دہندوں کی ذمہ داری ہے کہ اپنے قیمتی ووٹ کو ضائع ہونے سے بچاتے ہوئے متحدہ طور پر ٹی آر ایس کے حق میں استعمال کریں اور موقع پرست و فرقہ پرست جماعت کو شکست فاش سے دوچار کریں ۔ ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس کی سرگرمیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ایم جی انور نے کہا کہ غریب و مستحق مسلم لڑکیوں کی شادیوں کیلئے اخراجات کو 51 ہزار تک بڑھادیا گیا اور مسلم قائد کو نائب وزیر اعلی کے عہدے پر فائز کیا گیا ۔ رمضان کو سرکاری تہوار کا درجہ اور مساجد کو آہک پاشی اور مرمت کیلئے فنڈ کی اجرائی کے علاوہ مسلم طبقہ کیلئے 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کے اقدامات میں تیزی لائی گئی اور یہاں کی گنگا جمنی تہذیب و عظمت رفتہ کی بحالی جو حیدرآباد دکن کی پہچان ہے ، اسے بحال کرنے کی کوشش قابل ذکر ہیں ۔ انہوں نے مسلم طبقہ اور سیکولر رائے دہندوں سے اپیل کی کہ متحدہ طور پر اپنا قیمتی ووٹ حلقہ پارلیمان میدک کے ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو دیکر بھاری اکثریت سے کامیابی سے ہمکنار کریں۔ اس موقع پر ریاستی سکریٹری ویلفیر پارٹی آف انڈیا ضیاء الدین محمدی ، ایم اے صمد ضلع نائب صدر ، محمد اظہر یوسف ، شیخ محبوب علی ، محمد منیرالدین مقامی صدر اور ایم جی قادر و دیگر موجود تھے ۔