میدک میں مسلم شادی خانہ کیلئے قلب شہر میں اراضی کی نشاندہی

ایم آر او، وائس چیرمین بلدیہ کو اقدامات کی ہدایت، عاجلانہ تکمیل کیلئے پدما دیویندر ریڈی کا تیقن
میدک26جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مسلم عوام کیلئے میدک مستقر پر عالیشان شادی خانہ کی تعمیر کیلئے چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر رائو نے سال گزشتہ کے ماہ دسمبر میں اپنے دورہ میدک کے موقع پر اعلیٰ عہدداروں کے ساتھ منعقدہ ایک خصوصی اجلاس میں میدک کے مسلم میناریٹی عوام کیلئے عالیشان مسلم شادی خانہ کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپئے منظور کئے تھے۔اسی وقت سے شادی خانہ کیلئے تقریبََا1ایکڑ اراضی کی تلاش جاری تھی۔اور اس سلسلہ میں ایم ایل اے میدک ایم پدما دیویندر ریڈی نے ایم آر او میدک کو شادی خانہ کیلئے اراضی کا سروے کرنے کی ہدایت دی تھی۔جس پر ایم آر او میدک شریمتی وجئے لکہشمی نے قلب ِ شہر سے تقریبََا4کلو میٹر دور واقع میدک رورل پولیس اسٹیشن کے قریب میں اراضی کی نشاندہی کی تھی ۔جس پر مسلم قائدین کافی مایوسی کا شکار تھے کہ کہیں یہ شادی خانہ بھی قلب ِ شہر سے دور تعمیر نہ ہوجائے۔کیونکہ سابقہ حکومتوں کے دور ِ اقتدار میں میدک میں تعمیر کئے گئے مسلم شادی خانہ جو کہ قلب ِ شہر سے دور ہونے کی وجہ سے غیر مستعملہ ہیں۔اسی اہم بات کو مد ِ نظر رکھتے ہوئے مسلم ویلفیر سوسائٹی کی یہ کوشش رہی کہ اس بار منظورہ مسلم شادی خانہ کو قلب ِ شہر ہی میں تعمیر کروایا جائے۔بریں بنا مسلم ویلفیر سوسائٹی کا ایک وفد آج ڈپٹی اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی و ایم ایل اے میدک شریمتی ایم پدما دیویندر ریڈی اور تلنگانہ اسٹیٹ سکریڑی مسٹر دیویندر ریڈی کے ہمراہ ان کے چیمبر میں ان سے ملاقات کرتے ہوئے شادی خانہ کے سلسلہ میں موثر نمائندگی کرتے ہوئے کہاکہ شادی خانہ کیلئے جو اراضی قلب ِ شہر سے دور دیکھی جارہی ہے وہ غیر مستعملہ ہوجائیگی ۔لہذا مسلمانوں کے خوش آئند بات یہی ہوگی کہ یہ شادی خانہ جو تقریبََا1کروڑ روپیوں کی لاگت سے تعمیر کیا جانے والا ہے اس کو قلب ِ شہر ہی میں تعمیر کروایا جائے۔جس پر ایم ایل اے میدک ایم پدما دیویندر ریڈی،اور تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری مسٹر دیویندر ریڈی نے مسلم وفد سے دوسری مناسب اراضی کی نشاندہی کی خواہش کی، جس پر فی الفور قلب ِ شہر کے محلہ اعظم پورہ میں واقع اراضی سے انہیں واقف کروایا گیا۔اسی وقت ایم ایل اے میدک ایم پدما دیویندر ریڈی نے مسلم وفد کو ایم آر او میدک کے ہمراہ اس اراضی کا سروے کرتے ہوئے اس اراضی کا رقبہ معلوم کرنے کی ہدایت دی۔جس پر مسلم قائدین کے وفد نے ایم آر او میدک آر وجئے لکہشمی،وائس چیرمین میدک مونسپل مسٹر ملکارجن گوڈ،کوپشن ممبر ایم گنگا دھر ،بلدی کونسلر خواجہ سہیل محی الدین کے ہمراہ اس اراضی کا سروے کرتے ہوئے اس اراضی سے متعلق تمام تر تفصیلات ایم ایل اے میدک کو دی۔جس پر ایم ایل اے میدک ایم پدما دیویندر ریڈی،تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری مسٹر دیویندر ریڈی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ مسلمانوں کا وفد جہاں کہے گا ہم وہیں مسلم شادی خانہ کی تعمیر کروائینگے۔اسی وقت ایم ایل اے میدک ایم پدما دیویندر ریڈی نے ایم آر او میدک کو ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ مسلم شادی خانہ محلہ اعظم پورہ ہی میں تعمیر کیا جائیگا لہذا اس اراضی کی صفائی کی جائے۔ایم ایل اے میدک ایم پدما نے اس بات کا تیقن دیا کہ اس شادی خانہ کی بہت ہی عجلت کے ساتھ تعمیر کرتے ہوئے اندرون پانچ ماہ اس کی تعمیر کروانے کا تیقن دیا۔اس موقع پر اس وفد سے ایم ایل اے میدک ایم پدما دیویندر ریڈی ،تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری مسٹر دیویندر ریڈی نے بات کرتے ہوئے کہاکہ ایک ماہ کی کم مدت میں تلنگانہ چیف منسٹر نے مجھے ذریعہ فون بات کرتے ہوئے ایک کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والے شادی خانہ سے متعلق بات چیت کی۔اس موقع پر میدک مونسپل چیرمین مسٹر ملکارجن گوڈ،وائس چیرمین مسٹر راگھی اشوک،میدک زیڈ پی ٹی سی شریمتی لاونیا ریڈی،ایم گنگا دھر کے علاوہ مسلم قائدین کے وفد میں صدر مسلم ویلفیر سوسائٹی میدک مولانا محمد جاوید علی حسّامیؔ،نائب صدر مسلم ویلفیر سوسائٹی سید اسرار الدین، شیخ فضل احمدایڈوکیٹ،خواجہ سہیل محی الدین،مقامی اردو رپورٹرس حافظ محمد فصیح الدین (نمائندہ منصف) حافظ ایم اے قیوم، محمد فاروق حسین (سیاست) کے علاوہ دیگر موجود تھے۔بعد ازاں صدر مسلم ویلفیر سوسائٹی مولانا محمد جاوید علی حسّامیؔ نے ڈپٹی اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی و ایم ایل اے میدک ایم پدما دیویندر ریڈی،تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری مسٹر دیویندر ریڈی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔یہ شادی خانہ قلب ِ شہر ہی میں تعمیر کئے جانے کی اطلا ع پاکر ٹائون کے مسلمانوں میں کافی خوشی ومسرت کی لہر دوڑ گئی۔اور سبھی نے آپس میں ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔