میدک میں صارفین کیلئے موثر برقی سربراہی کے اقدامات

گجویل۔/5اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کے گھریلو برقی صارفین کے علاوہ کمرشیل اور کاشتکاری کے لئے موثر انداز میں برقی سربراہ کرنے کی غرض سے حکومت نے ضلع میدک کی 250 کروڑ روپیوں کی منظوری دے دی ہے۔ اس بات کا انکشاف ریاستی سنٹرل پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹیڈ چیف منیجنگ ڈائرکٹر مسٹر رگھوماریڈی نے آج مستقر گجویل کے برقی اے ڈی ای دفتر میں توپران ڈیویژن ٹرانسکو عہدیداروں کے اشتراک سے منعقدہ جائزہ اجلاس میں کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میدک کے بشمول ریاست تلنگانہ میں برقی لائن ٹاور اور دیہی علاقوں میں کھمبے ٹوٹ جانے کے سبب برقی تار زیادہ تر دیہی علاقوں میں نیچے کی طرف جھک جانے کی بناء رات کے اوقات میں کئی افراد ان برقی تاروں کی زد میں آکر قیمتی جانوں کا تلف ہونا روزانہ کا معمول بن گیا ہے لہذا ان برقی تاروں کو باقاعدہ بنانے کیلئے ریاستی حکومت نے جنگی پیمانے پر ضلع میدک کے فی منڈل کو 40برقی کھمبے اور ان کاموں کیلئے ایک لاکھ روپیوں کی منظوری دے دی ہے اور اس سرمایہ سے برقی عہدیدار برقی تاروں کی تنصیب جدید کے لئے عاجلانہ اقدامات کرتے ہوئے خرچ کریں گے۔ مسٹر گھوما ریڈی نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی گجویل کے بشمول ضلع میدک کے دیہی علاقوں کو اس منظور شدہ 250کروڑ روپئے سے حلقہ گجویل کے عوام کو 24گھنٹے برقی سربراہ کی جائے گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ مسٹر چندر شیکھر راؤ اس حلقہ گجویل کی نمائندگی کرتے ہیں اس حلقہ اسمبلی گجویل کو برقی سے بھرپور آراستہ کرنے کے علاوہ ریاست میں ایک ماڈل حلقہ بنایا جائے گا۔ چنانچہ اس حلقہ کے برقی صارفین اور کسانوں کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی کرنے کی غرض سے ضلع میدک برقی سپرنٹنڈنٹ انجینئر ہفتہ میں ایک دن اور توپران میں ہفتہ میں دو دن مستقر گجویل، کمرشیل، گھریلو اور کسانوں سے شکایات وصول کرنے کے علاوہ ان کے عاجلانہ اقدامات کریں گے۔ مسٹر رگھوما ریڈی نے بتایا کہ ضلع میں 60کروڑ روپیوں کے سرمایہ سے 40نئے برقی سب اسٹیشنس تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ ضلع بھر میں فی الحال موجود برقی سب اسٹیشنوں میں مزید پاور ہائی ٹرانسفارمرس کی تنصیب جدید کے لئے 20کروڑ روپئے الاٹ کئے گئے ہیں اور33/11کیلو واٹ صلاحیت رکھنے والے برقی لائنوں کی مرمت کیلئے 8کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے اور دیہی علاقوں میں 11کیلو واٹ برقی تاروں کی مرمت کیلئے 5کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع بھر میں برقی وولٹیج کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے نئے کیپاسیٹرس نصب کئے جائیں گے اور کسانوں کو کاشتکاری کیلئے موثر انداز میں برقی سربراہ کرنے کیلئے 30کروڑ روپیوں کی لاگت سے برقی لائنوں کی مرمت کرنے کے علاوہ مزید نئے ٹرانسفارمرس کی خریدی کیلئے 50کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ فی الحال 1100میگا واٹ برقی کی کمی کی وجہ سے برقی کی کٹوتی کی جارہی ہے۔ حلقہ اسمبلی گجویل کے بشمول ریاست تلنگانہ کے عوام کو برقی سے بھرپور برقیانے کے عاجلانہ اقدامات کرنے میں متعلقہ محکمہ مصروف ہے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ریاستی برقی پراجکٹ ڈائرکٹر سرینواس، ایس ای راملو، توپران ڈی ای یادیا اور متعلقہ عہدیدار موجود تھے۔