میدک میں سڑک کی توسیع کیلئے رقمی اجرائی

میدک۔/22جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محترمہ ایم پدما دیویندر ریڈی اسپیکر ریاستی قانون ساز اسمبلی نے کہا کہ میدک کی اہم معروف ترین شاہراہ ہلدی ندی برج سے ویمن ڈگری کالج ایکس وے تا رامائم پیٹ روڈ پر رورل پولیس اسٹیشن اور نظام ساگر روڈ پر گاندھی کالونی علاقہ تک 5.7 کلو میٹر سڑک کی کشادگی  کیلئے ریاستی حکومت نے 20کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔ اس شاہراہ پر درمیان میں ڈبل ڈیوائیڈر تعمیر کرکے ڈیوائیڈر کے درمیان شجرکاری کی جائے گی اور سنٹرل لائٹس کی تنصیب عمل میں آئے گی۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ سنٹرل لائٹس کی تنصیب کیلئے ریاستی وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے علحدہ 2.10 کروڑ کی منظوری کا مطالبہ کیا گیا ہے جس پر وزیر اعلیٰ نے مثبت ردعمل ظاہر کیا اور 2کروڑ روپئے منظور کرنے کا اعلان کیا۔پدما دیویندر ریڈی نے اپنے دورہ میدک کے موقع پر اپنے کیمپ آفس میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔