میدک ۔ 29؍ مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک چیگنٹہ شاہراہ قاضی پلی ممداپور کے درمیان کراسنگ پر میدک سے حیدرآباد واپس بائیک سفر کرنے والے دو افراد مالکان آر کے ڈریسس جے این روڈ میدک اپنی شاپ بند کر کے 28 ؍ مئی کو نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد حیدرآباد کے لئے روانہ ہوئے تھے حادثہ کا شکار ہوگئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کی بائیک کو چیگنٹہ سے میدک کی سمت آنے والی ایک تیز رفتار لاری (کینٹر) نے ٹکر دے دی ۔ جس کے نیتجہ میں جناب غلام غوث المعروف بابو بھائی 64 سالہ برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ ساتھ ہی موجود پارٹنر جو مرحوم بابو بھائی کے ماموں خسر بھی ہوتے ہیں ۔ جناب رحیم خان 60 سالہ موت و زندگی کی کشمش میں مبتلاء ہیں ۔ جنہیں میدک ایریا ہاسپٹل میں ابتدائی علاج کے بعد حیدرآباد منتقل کیاگیا وہ کوم پلی سچیترا کے درمیان واقع رش ہاسپٹل میں زیرعلاج ہیں ۔ مرحوم بابو بھائی کی نعش کی میدک ایریا ہاسپٹل میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ۔ پولیس چنا شنکرم پیٹ مصروف تحقیقات ہے ۔ پولیس کو لاری ڈرائیور کی تلاش ہے ۔ مسجد اعظم پورہ میدک میں بعد نماز عصر نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تدفین نزد عیدگاہ آبائی قبرستان میں عمل میں آئی ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ لڑکیاں ایک لڑکا اور ضعیف ماں شامل ہے ۔ مرحوم ایک سادہ مزاج ملنسار شخصیت کے اہل تھے ۔ جن کی ناگہانی موت کا میدک ٹاؤن میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ جناب غلام غوث مسٹر محمد مختار ریڈی میڈ گارمنٹس دیوان دیوڑھی مسجد کامپلکس حیدرآباد اور مسٹر محمد صمد مالک فٹ ویر جے ین روڈ میدک کے بڑے بھائی تھے ۔