کلکٹر دھرما ریڈی نے انتخابی مبصرین کے ہمراہ انتظامات کا جائزہ لیا
میدک۔/22مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر میدک و ریٹرننگ آفیسر برائے حلقہ لوک سبھا میدک کے دھرما ریڈی نے انتخابی مبصرین برائے ضلع میدک مسرز سنجے مینا، خلیل احمد پاشاہ کے ہمراہ حلقہ لوک سبھا میدک میں شامل تمام اسمبلی حلقوں کی رائے شماری مراکز واقع نرسا پور ٹاؤن کا دورہ کیا۔ انہوں نے تمام رائے شماری مراکز کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ رائے شماری کے تمام کام وسیع بندوبست و سخت صیانتی انتظامات کے ساتھ مکمل کرلئے گئے ہیں۔ رائے شماری کا ٹھیک 8 بجے صبح آغاز ہوگا۔ ضلع کلکٹر دھرما ریڈی نے بتایا کہ نرسا پور کے گریجن اقامتی اسکول میں حلقہ اسمبلی سنگاریڈی اور پٹن چیرو کے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ نرسا پور اسمبلی حلقہ کے ووٹوں کی گنتی جونیر کالج کی عمارت میں ہوگی۔ اسی طرح نرسا پور کے بی وی آر آئی ٹی آنجینئرنگ کالج میں دوباک ، سدی پیٹ، گجویل اور میدک اسمبلی حلقوں کی ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ ضلع کلکٹر نے رائے شماری کیلئے خدمات انجام دینے والے عہدیداروں و ملازمین سے کہا کہ وہ اپنے ساتھ اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے اجراء کردہ فوٹو شناختی کارڈز لازمی طور پر رکھیں ورنہ رائے شماری مرکز میں داخلے کی اجازت نہیں رہے گی۔ اس طرح انہوں نے سیل فونس ساتھ نہ رکھنے کیلئے بھی پابند کیا ہے اور کہا کہ رائے شماری میں احتیاط برتیں۔ انتخابی ضوابط کو ملحوظ رکھیں اور وقت کی پابندی کریں۔ اس موقع پر ضلع ایس پی میدک کماری جی چندنا دپتی ، آر ڈی او میدک سائی رام، ار ڈی او نرسا پور شریمتی ارونا کے علاوہ دیگر محکمہ مال کے اعلیٰ عہدیدار، محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔